بے بو میری آئیڈیل اداکارہ ہیں، دلجیت دسانج—انسٹاگرام
بے بو میری آئیڈیل اداکارہ ہیں، دلجیت دسانج—انسٹاگرام

بولی وڈ بے بو کرینہ کپور یوں تو ان دنوں اپنی آنے والی فلم ’انگریزی میڈیم‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، تاہم ساتھ ہی وہ زی ٹی وی پر نشر ہونے والے ڈانس ریئلٹی شو ’ڈانس انڈیا ڈانس‘ میں بطور جج بھی نظر آئیں گی۔

’ڈانس انڈیا ڈانس‘ کے پرومو کی جاری کی گئی ایک ویڈیو میں کرینہ کپور اپنی پرانی فلم ’اسوکا‘ کے گانے ’رات کا نشہ‘ پر دوبارہ رقص کرتے ہوئے بھی دکھائی دے رہی ہیں اور ان کا یہ گانا سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

علاوہ ازیں جلد ہی وہ اداکار دلجیت دسانج کے ساتھ آنے والی فلم ’گڈ نیوز‘ میں بھی کام کرتی دکھائی دیں گی، اس فلم میں ان کے ساتھ اکشے کمار بھی ہوں گے۔

یہ فلم دلجیت دسانج اور کرینہ کپور کی ایک ساتھ تین سال بعد دوسری فلم ہوگی، وہ پہلی بار 2016 کی فلم ’اڑتا پنجاب‘ میں ایک ساتھ رومانس کرتے دکھائی دیے تھے۔

دلجیت دسانج ان دنوں اپنے والی فلم ’ارجن پٹیالہ‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں اور اسی سلسلے میں انہوں نے ایک اخبار سے بات کرتے ہوئے کرینہ کپور کی اداکاری، خوبصورتی اور شخصیت کی تعریفوں کے پل باندھ دیے۔

مڈ ڈے سے بات کرتے ہوئے دلجیت دسانج نے اس پر خوشی کا اظہار کیا کہ وہ جلد ہی ایک بار پھر کرینہ کپور کے ساتھ ’گڈ نیوز‘ میں رومانس کرتے دکھائی دیں گے۔

دلجیت دسانج نے کرینہ کپور کی شخصیت اور خوبصورتی کی تعریف کرتے ہوئے انہیں اپنی آئیڈیل اداکارہ قرار دیا اور انکشاف کیا کہ اب بھی وہ ان سے بات کرتے وقت گھبرا جاتے ہیں۔

دلجیت دسانج کے مطابق انہیں کرینہ کپور کے ساتھ کام کرنے میں بہت مزا آتا ہے اور وہ ایک ماہر اداکارہ ہیں جو ایک ہی سین کو کوئی غلطی کیے بغیر بار بار شوٹ کروانے کا فن رکھتی ہیں۔

دونوں اڑتا پنجاب میں کام کر چکے ہیں—اسکرین شاٹ
دونوں اڑتا پنجاب میں کام کر چکے ہیں—اسکرین شاٹ

ان کا کہنا تھا کہ کرینہ کپور کو بے ساختگی پر قابو پانے کا فن آتا ہے، تاہم وہ ابھی تک ان سے بات کرتے وقت گھبراہٹ کا شکار ہوجاتے ہیں۔

دلجیت دسانج نے اس انٹرویو سے کچھ دن قبل ’ڈانس انڈیا ڈانس‘ شو میں شرکت کے دوران بھی کرینہ کپور کی تعریفوں کے پل باندھ دیے تھے اور انہیں اپنی آئیڈیل اداکارہ قرار دیا تھا۔

پنک ولا کے مطابق دلجیت دسانج کی جانب سے خود کو آئیڈیل قرار دینے کے بعد کرینہ کپور نے ان سے شکایت کی کہ وہ ایک طرف انہیں اپنا آئیڈیل مانتے ہیں تو دوسری طرف ان سے بات تک نہیں کرتے۔

ماضی میں بھی دلجیت بے بو کی تعریف کرتے رہے ہیں—فوٹو: فلم فیئر
ماضی میں بھی دلجیت بے بو کی تعریف کرتے رہے ہیں—فوٹو: فلم فیئر

کرینہ کپور کے شکوے پر دلجیت دسانج کا کہنا تھا کہ جس کسی شخص کے سامنے اس کا آئیڈیل موجود ہوتا ہے وہ خاموش ہوجاتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اگرچہ کرینہ کپور اور دلجیت دسانج نے اب تک صرف ایک ہی فلم میں کام کیا ہے، تاہم دلجیت دسانج نے بے بو سے متاثر ہوکر رواں برس اپریل میں ان کے لیے ایک گانا بھی ریلیز کیا تھا۔

دلجیت دسانج نے رواں برس اپریل میں ’کایلی کرینہ‘ کے نام سے کرینہ کپور کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے گانا جاری کیا تھا جسے سننے کے بعد کرینہ نے ان کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔

اب جلد ہی دونوں ’گڈ نیوز‘ میں ایک ساتھ کام کرتے دکھائی دیں گے اور اطلاعات ہیں کہ دونوں ایک دوسرے سے رومانس کرتے دکھائی دیں گے۔

واضح رہے کہ دلجیت دسانج بنیادی طور پر پنجابی اداکارہ اور گلوکار ہیں، تاہم 2016 میں انہوں نے ’اڑتا پنجاب‘ سے بولی وڈ کیریئر کا آغاز کیا اور اب تک ںصف درجن سے کم ہندی فلموں میں جلوہ گر ہوچکے ہیں۔

دلجیت دسانج بھارت کی پنجابی فلموں کے کامیاب اداکارہ ہیں اور ساتھ ہی وہ بہترین گلوکار بھی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں