ٹوئٹر کا ڈیسک ٹاپ ورژن اب مکمل طور پر بدل گیا

16 جولائ 2019
ڈیسک ٹاپ ورژن کا نیا ڈیزائن — فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
ڈیسک ٹاپ ورژن کا نیا ڈیزائن — فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

ٹوئٹر نے اپنے ری ڈیزائن ڈیسک ٹاپ ورژن کو تمام صارفین کے لیے متعارف کرادیا ہے اور اب پرانے ورژن پر منتقل ہونا ممکن نہیں ہوگا۔

یہ ری ڈیزائن ورژن کافی عرصے سے صارفین کو آزمائشی طور پر دستیاب تھا تاہم اب مستقل بنیادوں پر متعارف کرایا گیا ہے۔

مگر اب کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران تمام صارفین کے لیے نیا ری ڈیزائن ورژن دستیاب ہوگا اور سابقہ ری ڈیزائنز کے برعکس اس نئے تجربے سے ریورس کرنا ممکن نہیں ہوگا۔

اس ری ڈیزائن میں سب سے بڑی اور نمایاں تبدیلی نیوی گیشن بار کی ہے جو بائیں جانب منتقل کردی گئی ہے جس میں بک مارکس، لسٹس، پروفائل اور ایک نیا ایکسپلورر ٹیب دیا گیا ہے، جس میں آپ ایسے افراد یا پیجز کے ٹوئیٹس دیکھ سکیں گے، جن کو آپ فالو نہیں کررہے ہوں گے۔

کمپنی کے مطابق ایکسپلورر ٹیب کو موبائل ایپ سے ڈیسک ٹاپ ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے کہ تاکہ صارف زیادہ لائیو ویڈیوز اور مقامی ٹرینڈز سے واقف ہوسکے۔

ڈائریکٹ میسجز کو بھی بہتر کیا گیا ہے اور اب ایک ہی ونڈو میں بات چیت اور سینٹ پیغامات کو دیکھا جاسکتا ہے، اس کے علاوہ مختلف تھیمز اور کلر اسکیمز بھی دیئے گئے ہیں جبکہ ڈارک موڈ کے لیے مزید 2 آپشنز کا اضافہ کیا گیا ہے۔

فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

اس ری ڈیزائن کے لیے ٹوئٹر نے کچھ فیچرز موبائل ایپس میں سے لیے ہیں، جیسے ہوم بار میں دیا گیا اسپارکل بٹن جو اوپر اسٹار کی شکل میں دیا گیا ہے، جس سے آپ ٹاپ ٹوئیٹس کی بجائے تازہ ترین ٹوئیٹس کو دیکھ سکیں گے۔

نیوی گیشن بار میں صارفین کے لیے مختلف اکاﺅنٹس میں سوئچ ہونا بھی آسان کیا گیا ہے اور انہیں لاگ ان اور لاگ آﺅٹ ہونے کی ضرورت نہیں ہوگی، یہ فیچر بھی موبائل ایپ میں کافی عرصے سے تھا، بس آخر میں موجود more پر کلک کرکے اوپر موجود پلس کے نشان پر کلک کریں۔

اسی طرح ٹرینڈنگ ٹاپکس کو بائیں سے دائیں جانب منتقل کیا گیا ہے جو کہ فالو سجیشن کے نیچے چلے گئے ہیں، اسی طرح پروفائل فوٹو، ٹوئٹس اور فالورز کی تعداد وغیرہ کا سیکشن بھی ختم کردیا گیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے ٹوئٹر کے ری ڈیزائن ویب ورژن کی آزمائش گزشتہ سال ستمبر سے کی جارہی تھی مگر اب اسے عام صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں