کابینہ میں عوام کی روٹی، روزگار، کاروبار پر بھی بات ہوتی، مریم اورنگزیب

16 جولائ 2019
مریم اورنگ زیب وفاقی وزیر کے بیان کا جواب دے رہی تھیں—فائل/فوٹو:اے پی
مریم اورنگ زیب وفاقی وزیر کے بیان کا جواب دے رہی تھیں—فائل/فوٹو:اے پی

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر مراد سعید کی جانب سے سابق وزیر اعظم نوازشریف اور شہباز شریف کے سیکیورٹی اخراجات کی تفصیلات پر ردعمل دیتےہوئے کہا ہے کہ عوام کی روٹی، روزگار اور کاروبار بند ہوگیا ہے، کابینہ اجلاس میں اس پر بھی بات کر لی جاتی۔

مریم اورنگ زیب نے کابینہ کے اجلاس کی کارروائی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب آپ سلیکٹڈ، نالائق اور معاشی دہشت گرد ہیں، اسٹیٹ بینک کا شرح سود میں ایک فیصد اضافہ دراصل آپ کی 100 فیصد نالائقی کا ثبوت ہے ۔

وزیر اعظم عمران صاحب کو مخاطب کرتےہوئے ان کا کہنا تھا کہ عوام جانتے ہیں کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے قوم کا ایک ایک روپیہ امانت سمجھ کر ملکی مفاد میں خرچ کیا اور سرکاری پیسہ قانونی اور آئینی اختیار کے تحت استعمال کیا۔

مزید پڑھیں:’نواز شریف نے 431، آصف زرداری نے 316 کروڑ روپے سیکیورٹی پر خرچ کیے‘

کابینہ اجلاس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ عمران صاحب، آج کابینہ کے اجلاس میں غریب عوام کی 15 روپے کی روٹی اور 20 روپے کے نان کی بھی بات کر لیتے، عوام کی روٹی، روزگار اور کاروبار بند ہو گیا ہے، کابینہ اجلاس میں اِس پر بھی بات کر لیتے۔

اپوزیشن پر منی لانڈرنگ کے الزامات اور کیسز پر ان کا کہناتھا کہ کابینہ اجلاس میں علیمہ باجی اور جہانگیر ترین کی منی لانڈرنگ اور ایک کھرب کے پشاور میٹرو کے کھڈوں کا بھی ذکر کر لیتے۔

مریم اورنگ زیب نے کہا کہ نواز شریف نے پانچ سال میں عوام کو11 ہزار میگاواٹ بجلی، 10 ہزار کلو میٹر سڑکیں سی پیک دیا تھا عوام کو اس کا بھی حساب بتا دیا جاتا۔

نواز شریف اور شہباز شریف کے اخراجات پر وفاقی وزیر کے بیان پر انہوں نے کہا کہ عوام کو ایک کروڑ نوکری اور 50 لاکھ گھر کیسے ملیں گے کا اس پر بھی بات کر لیتے۔

اپنے ردعمل میں وزیر اعظم کو انہوں نے کہا کہ عمران صاحب ٹی وی لگالیں، ڈالر مزید مہنگا ہوگیا ہے اور پالیسی ریٹ 12.25 فیصد سے 13.25 ہو گیا۔

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان نے کہا کہ ‎سیلیکٹد وزیراعظم بھوک سے بلکتے عوام کا اپنا طرز انتقام ہوتا ہے اور آپ کا انتقام قریب ہے۔

قبل ازیں وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف نے سیکیورٹی کے نام پر 431 کروڑ 83 لاکھ روپے خرچ کیے اور آصف زرداری نے سیکیورٹی اور انٹرٹینمنٹ کے نام پر قوم کے ٹیکس کے 316 کروڑ 41 لاکھ روپے استعمال کیے۔

مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف کے بارے میں وفاقی وزیر نے بتایا کہ 2015 میں نواز شریف کا دورہ امریکا 4 لاکھ 60 ہزار ڈالر کا تھا جبکہ رواں ماہ عمران خان کا یہی دورہ 60 ہزار ڈالر میں مکمل ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف 4 لاکھ ڈالر سے زائد استعمال کر رہے تھے، اس کے علاوہ 2016 میں نواز شریف جب ملک سے باہر علاج کے لیے گئے تو اس پر 3 لاکھ 27 ہزار پاؤنڈ خرچ ہوئے جبکہ نواز شریف کے سفری اخراجات کی رقم بھی قوم کے ٹیکس کے پیسوں سے ادا کی گئی۔

وزیر مواصلات کا کہنا تھا کہ گھر کی تزئین و آرائش پر 24کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ کیے گئے، سیکیورٹی کی مد پر 6 کروڑ 66 لاکھ روپے خرچ کیے گئے اور نواز شریف سیکیورٹی پر مجموعی طور پر 431 کروڑ 83 لاکھ روپے لگائے گئے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے رائے ونڈ کے لیے خصوصی سڑک قوم کے پیسوں سے بنائی جبکہ عمران خان کے گھر کی سڑک ان کے ذاتی پیسوں سے بنائی گئی، عمران خان کا کوئی کیمپ آفس نہیں، وہ وزیر اعظم ہاؤس میں نہیں رہتے بلکہ وہ بنی گالا میں اپنا خرچ خود اٹھاتے ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران شہباز شریف کے اخراجات کی تفصیل بتاتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ انہوں نے قوم کے 872 کروڑ 59 لاکھ 59 ہزار روپے اپنی سیکیورٹی پر خرچ کیے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے 130 کروڑ کا ہیلی کاپٹر لیا، تاہم اس کے علاوہ نواز شریف کے بطور وزیر اعظم زیر استعمال طیارے کو شہباز شریف نے 556 مرتبہ استعمال کیا، جس پر قوم کا 41 کروڑ 77 لاکھ 33 ہزار روپے خرچ کیے گئے۔

سابق صدر ممنون حسین کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کراچی کے گھر کو کیمپ آفس ظاہر کیا اور اس کے لیے 30 کروڑ 32 لاکھ 7 ہزار روپے استعمال کیے جبکہ شریف خاندان کی سیکیورٹی پر 2 ہزار 717 اہلکار مامور تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں