اس شخص کی وگ نے اسے پولیس کے ہاتھوں کیوں گرفتار کرادیا؟

اپ ڈیٹ 20 جولائ 2019
یہ واقعہ ایک ماہ پہلے پیش آیا تھا — فوٹو بشکریہ Policía Nacional ٹوئٹر اکاؤنٹ
یہ واقعہ ایک ماہ پہلے پیش آیا تھا — فوٹو بشکریہ Policía Nacional ٹوئٹر اکاؤنٹ

کیا آپ سوچ سکتے ہیں کہ کسی شخص کے بالوں کی وگ اسے پولیس کے ہاتھوں گرفتار کروا دے؟ مگر ایسا ہوا ہے اور اس کی وجہ انتہائی دلچسپ اور چونکا دینے والی ہے۔

اسپین کے بارسلونا ائیرپورٹ میں اس شخص کو ناقص فٹنگ والی ٹوپی یا وگ کی وجہ سے گرفتار کیا گیا کیونکہ اس کے اندر منشیات چھپائی گئی تھی۔

ویسے تو منشیات اسمگل کرنے والے افراد منجمد شارک مچھلی سے لے کر کھیروں وغیرہ کو اپنا مال چھپا کر لے جانے کے لیے استعمال کرتے ہیں مگر اسپین کی پولیس نے ایک اور غیرمعمولی طریقہ کار کو دریافت کیا ہے اور وہ ہے بالوں کی وگ۔

پولیس کی جانب سے ٹوئیٹ میں اس شخص کی تصاویر شیئر کی گئیں۔

اور دونوں تصاویر کو دیکھ کر اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ آخر یہ شخص پولیس کی توجہ کا مرکز کیوں بنا، ایک تصویر میں اس کے سر پر سیاہ رنگ کے بالوں کی وگ نظر آرہی ہے جو اس کے سر سے کئی انچ اوپر اٹھی ہوئی ہے اور عجیب سا انداز بنا ہوا ہے۔

دوسری تصویر میں اس کے سر پر وہ پیکٹ نظر آرہا ہے جو وہ ائیرپورٹ سے لے جانے کی کوشش کررہا تھا۔

پولیس نے اس ملزم کو پکڑنے کے عمل کو بھی 'آپریشن ٹوپی' کا نام دیا۔

پولیس کے بیان کے مطابق اس 65 سالہ شخص کا تعلق کولمبیا سے ہے جو بوگوٹا سے آنے والی پرواز سے بارسلونا پہنچا تھا۔

پولیس کی جانب سے اس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا اور یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ ایک ماہ پہلے اسے پکڑنے کے بعد اب جاکر اس واقعے کو عوام کے سامنے کیوں لایا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ائیرپورٹ پر یہ شخص بہت زیادہ نروس تھا اور پھر اس کی وگ کی عجیب فٹنگ کو دیکھتے ہوئے اسے روک کر تلاشی لی گئی گئی تو 30 ہزار یورو مالیت کی آدھا کلو کوکین برآمد ہوئی۔

خیال رہے کہ کسی بھی یورپی ملک کے مقابلے میں اسپین میں سب سے زیادہ منشیات پکڑی جاتی ہے ، جس کی وجہ جنوبی امریکی ممالک سے اسپین کے راستے یورپ کے دیگر ممالک تک اسے منتقل کرنے کی کوششیں ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں