چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کو تبدیل نہیں کیا جارہا، نعیم الحق

اپ ڈیٹ 18 جولائ 2019
چیئرمین ایف بی آر کی تبدیلی کی خبریں گردش کر رہی تھیں—فائل فوٹو: ڈان نیوز
چیئرمین ایف بی آر کی تبدیلی کی خبریں گردش کر رہی تھیں—فائل فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی نعیم الحق نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی کی تبدیلی سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ شبر زیدی کو تبدیل نہیں کیا جارہا، وہ اپنے عہدے پر ہی رہیں گے۔

خیال رہے کہ یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ حکومت کی جانب سے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کو تبدیل کیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں: حکومت کا چیئرمین ایف بی آر کی تبدیلی پر غور

تاہم اس معاملے پر شبر زیدی نے کہا تھا کہ ’ وہ اس پر کوئی بات نہیں کرنا چاہتے، وزیر اعظم اس کا فیصلہ کریں گے‘۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے 10 مئی کو شبر زیدی کو اس عہدے پر تعینات کیا تھا۔

قبل ازیں یہ خبریں بھی گردش کر رہی تھیں کہ شبر زیدی کو اس سے بھی بڑا عہدہ دیا جاسکتا ہے، جس میں حماد اظہر کے جانے کے بعد خالی ہونے والے وزیر مملکت برائے ریونیو یا پھر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو کا عہدہ شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شبر زیدی اعزازی چیئرمین ایف بی آر تعینات، نوٹی فکیشن جاری

سارے معاملے پر چیئرمین ایف بی آر کے ماتحت کام کرنے والے اراکین نے ڈان کو بتایا تھا کہ ان کے اور شبر زیدی کے درمیان کچھ اختلافات ہیں، ان میں سے ایک کا کہنا تھا کہ 'چیئرمین اراکین کو کسی قسم کی معلومات فراہم نہیں کرتے، ایف بی آر کے سربراہ اور ان کی ٹیم کے اراکین کے درمیان عدم اعتماد ہے'۔

دوسری جانب کاروباری برادری بجٹ میں اٹھائے گئے حکومتی اقدامات کے خلاف نظر آرہی تھی اور اس طرح کی خبریں بھی گردش کر رہی تھیں کہ کاروباری برادی کے لوگ شبر زیدی کی بطور چیئرمین ایف بی آر تعیناتی پر اقتدار کے اعلیٰ حلقوں تک رسائی حاصل کر رہی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں