شہباز شریف کی منی لانڈرنگ سے متعلق مزید انکشافات کروں گا، شہزاد اکبر

اپ ڈیٹ 18 جولائ 2019
ہم شہباز شریف سے صرف 3 ادائیگیوں کا پوچھ رہے ہیں، شہزاد اکبر — فوٹو: ڈان نیوز
ہم شہباز شریف سے صرف 3 ادائیگیوں کا پوچھ رہے ہیں، شہزاد اکبر — فوٹو: ڈان نیوز

معاون خصوصی احتساب شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ شہباز شریف قوم کو گمراہ نہ کریں اور ان کے داماد علی عمران کو ادا کی گئیں 6 کروڑ روپے کی رقم کا حساب دیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ 'شہباز شریف نے آج شعبدہ بازی کی اور ان کی میڈیا سے گفتگو جذبات سے بھری تقریر کے سوا کچھ نہیں تھی، انہیں برطانی اخبار کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ کرنا چاہیے۔'

انہوں نے کہا کہ 'علی عمران اینڈ کو کے 3 ادائیگیوں کے چیکس دکھائے گئے، علی اینڈ کو کمپنی شہباز شریف کے داماد علی عمران کی ہے، کمپنی کو تین ادائیگیاں کی گئیں جن کی کُل رقم 6 کروڑ روپے بنتی ہے، ہم شہباز شریف سے صرف 3 ادائیگیوں کا پوچھ رہے ہیں جو ایرا کے فنڈز سے کی گئیں۔'

شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ 'نوید اکرام نے عدالت میں علی عمران کا کردار بتایا، اس نے اپنی بدعنوانی میں علی عمران کے ملوث ہونے کا اعتراف کیا، چیک سے ادائیگی نوید اکرام نے کی جبکہ پاور آف اٹارنی علی عمران کے نام کی تھی، نوید اکرام کے معاملے میں شہباز شریف کا انصاف سمجھ نہیں آیا، وہ غریب تھا تو چھترول کرادی لیکن علی عمران کا کیا کیا؟ علی عمران کو لندن بھیج دیا گیا۔'

ان کا کہنا تھا کہ علی عمران، فرخ رشید اور نوید اکرام کا بدعنوانی میں گٹھ جوڑ رہا جو ملک چھوڑ کر مفرور ہوچکا ہے، نوید اکرام ایرا کے پیسے سے زمین کیسے خرید رہا تھا، 13 کروڑ روپے ادائیگی سے زمین خریدی گئی لہٰذا شہباز شریف قوم کو گمراہ نہ کریں اور 6 کروڑ روپے کا حساب اپنے داماد سے لیں۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ 'شہباز شریف کی پریس کانفرنس کی اصل وجہ یہ ہے کہ پورے ٹبر کی چوری پکڑی گئی، شہباز شریف کے خاندان نے 2 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی منی لانڈرنگ کی اور ان کے خاندان کو بذریعہ ٹی ٹی کروڑوں روپے بھیجے گئے اور حمزہ، سلمان، نصرت شہباز، علی عمران کے نام رقوم بھیجی گئیں۔'

مزید پڑھیں: شہباز شریف کا وزیر اعظم ، برطانوی اخبار کےخلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف خاندان کی چوری پکڑی گئی جس کا وہ جواب نہیں دے رہے، شہباز شریف کی ساری جائیداد ٹی ٹی کے ذریعے بنائی گئی جبکہ جو گھر اٹیچ کیے گئے وہ آپ کے جدی نہیں ٹی ٹی کے پیسوں سے بنائے گئے اور ہمارے پاس ٹی ٹی کا تمام ریکارڈ موجود ہے جس سے گھر، گاڑیاں خریدی گئیں۔

معاون خصوصی احتساب کا کہنا تھا کہ 'شہباز شریف نے مجھ سے وعدہ کیا تھا برطانوی عدالت میں مقدمہ کروں گا، ان سے پھر کہتا ہوں کہ میرے خلاف لندن میں مقدمہ کریں، آئندہ ہفتے شہباز شریف کی منی لانڈرنگ سے متعلق مزید انکشافات کروں گا۔'

واضح رہے کہ شہباز شریف نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کے علاوہ برطانوی اخبار ڈیلی میل میں ان سے متعلق شائع ہونے والی خبر پر بھی بات چیت کی۔

شہباز شریف نے کا کہنا تھا کہ زلزلہ زدگان کی رقوم کے حوالے سے بدترین الزام لگایا گیا اور عمران خان نیازی نے مجھ پر اپنے ساتھیوں کے ذریعے وار کیا، عمران نیازی جھوٹوں کا سردار ہیں اور باقی سب ان کے چیلے ہیں، دن رات جھوٹ بول کر قوم کا وقت ضائع کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’زلزلہ متاثرین کیلئے برطانوی امداد پر بھی شریف خاندان نے ہاتھ صاف کیا‘

مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ برطانوی اخبار ڈیلی میل نے زلزلہ زدگان اور ایرا سے متعلق مجھ پر الزام لگایا، اگر اس میں میری کرپشن تھی تو نیب اور عمران خان کو آشیانہ اور گندے نالوں کے کیس کی کیا ضرورت تھی، سیدھا سیدھا اس میں گرفتار کرلیتے۔

ان کا کہنا تھا عمران خان کو میں نے جاوید صادق اور پاناما کا نوٹس دیا لیکن کوئی جواب نہیں دیا گیا جبکہ اس کے بعد عدالت میں بھی انہوں نے میرے ہتک عزت کے دعوے پر کوئی جواب داخل نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ جب ان لوگوں نے دیکھا کہ معاملہ خراب ہوگیا تو انہوں نے یہ روپ اختیار کیا اور زلزلہ زدگان کا مال ہڑپنے کا بہت گھناؤنا الزام لگایا گیا اور برطانوی اخبار میں جھوٹی خبر شائع کرائی گئی جس پر لندن کی عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں