ٹنڈولکر اور ایلن ڈونلڈ آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل

اپ ڈیٹ 23 جولائ 2019
آئی سی سی ہال آف فیم کا حصہ بننے والی کیتھرین فٹز پیٹرک، بھارت کے سچن ٹنڈولکر اور جنوبی افریقہ کے ایلن ڈونلڈ— فوٹو بشکریہ آئی سی سی
آئی سی سی ہال آف فیم کا حصہ بننے والی کیتھرین فٹز پیٹرک، بھارت کے سچن ٹنڈولکر اور جنوبی افریقہ کے ایلن ڈونلڈ— فوٹو بشکریہ آئی سی سی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کرکٹ کے لیے شاندار خدمات پر ہال آف فیم میں تین نئے کھلاڑیوں کو شامل کر لیا ہے اور سابق عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر اور جنوبی افریقہ کے ایلن ڈونلڈ فہرست کا حصہ بن گئے ہیں۔

گزشتہ روز لندن میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں سچن ٹنڈولکر اور ایلن ڈونلڈ کے ساتھ ساتھ آسٹریلیا کی وومن ٹیم کی سابق فاسٹ باؤلر کیتھرین فٹز پیٹرک کو بھی فہرست کا حصہ بنا لیا گیا۔

کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز رکھنے والے سابق بھارتی بلے باز کو ہال آف فیم میں شمولیت کا اہل ہوتے ہی اس اعزاز سے نواز دیا گیا۔

ہال آف فیم میں کھلاڑیوں کو ان کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے کم از کم 5 سال بعد شامل کیا جاتا ہے اور ٹنڈولکر نے نومبر 2013 میں اپنا آخری انٹرنیشنل میچ کھیلا تھا۔

وہ اس فہرست میں جگہ بنانے والے چھٹے بھارتی کھلاڑی ہیں جہاں ان سے قبل سنیل گاوسکر، بشن سنگھ بیدی، کپیل دیو، انیل کمبلے اور راہول ڈراوڈ بھی فہرست میں شامل ہیں۔

ٹنڈولکر انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں 200 ٹیسٹ میچ کھیلنے والے واحد کھلاڑی ہیں جس میں انہوں نے 15ہزار 921رنز اسکور کیے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ون ڈے کرکٹ میں 18ہزار 426رنز بنانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

صرف یہی نہیں بلکہ 2011 کی ورلڈ کپ کی فاتح بھارتی ٹیم کے رکن ٹنڈولکر انٹرنیشنل کرکٹ میں 100 سنچریاں بنانے کا منففرد اعزاز بھی رکھتے ہیں جہاں انہوں نے ٹیسٹ میچوں میں 51 اور ون ڈے میں 49سنچریاں اسکور کیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل ہونا اعزاز کی بات ہے، اس فہرست میں وہ تمام کھلاڑی شامل ہیں جنہوں نے کھیل کی ترقی اور شہرت میں اضافے کے لیے اپنا کردار ادا کیا اور میں اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنے پر خوشی محسوس کرتا ہوں۔

دوسری جانب ایلن ڈونلڈ کا شمار جنوبی افریقہ کے عظیم ترین کرکٹرز میں ہوتا ہے اور انہوں نے 2004 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ سے قبل ٹیسٹ کرکٹ میں 300 اور ون ڈے کرکٹ میں 200 سے زائد وکٹیں حاصل کیں، وہ یہ دونوں اعزاز حاصل کرنے والے جنوبی افریقہ کے پہلے باؤلر تھے۔

ان دونوں عظیم کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ سابق آسٹریلین وومن فاسٹ باؤلر کیتھرین فٹز پیٹرک کو بھی ہال آف فیم میں شامل کر لیا گیا۔

کیتھرین کو اپنے 16سالہ کیریئر کے دوران ویمنز کرکٹ میں دنیا کا تیز ترین فاسٹ باؤلر مانا جاتا تھا اور انہوں نے سب سے زیادہ 180 وکٹیں حاصل کی تھیں لیکن 2017 میں بھارت کی جھولن گوسوامی نے انہیں اس اعزاز سے محروم کردیا تھا۔

کیتھرین فٹز پیٹرک نے اپنی عمدہ باؤلنگ سے آسٹریلیا کو 1997 اور 2005 میں ورلڈ کپ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا اور پھر وہ 2012 سے 2015 ٹیم کی کوچ بھی رہیں جہاں اس دوران بھی آسٹریلیا نے ورلڈ کپ اور ورلڈ ٹی20 کے ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں