مکمل سونے سے تیار کردہ فون خریدنا پسند کریں گے؟

19 جولائ 2019
کے 20 پرو کا گولڈ ورژن — فوٹو بشکریہ ریڈمی انڈیا
کے 20 پرو کا گولڈ ورژن — فوٹو بشکریہ ریڈمی انڈیا

شیاﺅمی ایسی کمپنی ہے جو اپنے مناسب قیمت والے فونز کی وجہ سے جانی جاتی ہے مگر اس کا مطلب یہ نہیں کہ یہ مہنگی ڈیوائسز تیار نہیں کرسکتی۔

درحقیقت آپ اس کمپنی کا مکمل طور پر سونے سے تیار فون خرید سکتے ہیں، اگر آپ بھارت میں موجود ہوں تو۔

شیاﺅمی نے گزشتہ دنوں بھارت میں اپنی ریڈمی کے 20 سیریز کے فونز متعارف کرائے تھے۔

کے 20 پرو کی قیمت 405 ڈالرز (64 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی تھی جس میں اسنیپ ڈراگون 855 پراسیسر، سکس جی بی ریم، ان ڈسپلے فنگر پرنٹ سنسر اور 3 بیک کیمروں کا سیٹ اپ قابل ذکر فیچر ہیں۔

تاہم اس کا کمپنی نے ایک خصوصی ایڈیشن بھی تیار کیا ہے جس کی قیمت 7 ہزار ڈالرز (11 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔

اور ہاں یہ سونے کے پانی سے مزئین نہیں بلکہ مکمل طور پر سونے سے ہی تیار کیا گیا ہے جبکہ اس کی زیبائش بڑھانے کے لیے ہیروں کو بھی استعمال کیا گیا ہے، جس کی تصدیق کمپنی نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں کی۔

اس خصوصی ایڈیشن کے فیچرز سستے ورژن جیسے ہی ہیں بس اس کی خوبصورتی نے اس کی قیمت کو کئی گنا زیادہ بڑھا دیا ہے، اور اس طرح یہ شیاﺅمی کا سب سے مہنگا فون بھی بن گیا ہے۔

اس فون کے صرف 20 یونٹ ہی تیار کیے گئے ہیں، یعنی خریدنے والوں کے پاس مواقع بہت کم ہیں۔

ویسے اکثر اسمارٹ فونز کے گولڈ ایڈیشن سامنے آتے رہتے ہیں مگر عام طور پر کمپنیاں خود اس طرح کے ایڈیشن تیار کرنے سے گریز کرتی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں