'پتہ نہیں وزیراعظم کے ساتھ عسکری قیادت امریکا گئی یا عمران خان انکے ساتھ گئے ہیں'

اپ ڈیٹ 21 جولائ 2019
اگر نواز شریف نے ڈیل کی ہوتی تو وہ آج جیل میں نہ ہوتے، نائب صدر مسلم لیگ (ن)
اگر نواز شریف نے ڈیل کی ہوتی تو وہ آج جیل میں نہ ہوتے، نائب صدر مسلم لیگ (ن)

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ سمجھ نہیں آرہی دورہ امریکا میں عمران خان بطور سلیکٹڈ وزیر اعظم عسکری قیادت کے ساتھ گئے ہیں یا عسکری قیادت ان کے ساتھ گئی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ 'ڈیل اور ڈھیل پر نہ کسی میں اتنی جرات ہے کہ مریم نواز سے رابطہ کرے، نہ میں رابطے کا جواب دوں گی، اگر نواز شریف نے ڈیل کی ہوتی تو وہ آج جیل میں نہ ہوتے، یہ ضرور ہے کہ اِدھر اُدھر سے مجھے پیغامات آتے رہتے ہیں۔'

انہوں نے کہا کہ 'میں نے گزشتہ روز یہ واضح طور پر کہا تھا کہ ڈیل کے لیے لوازمات عمران خان جیسا سلیکٹڈ وزیر اعظم تو پورا کر سکتا ہے، لیکن نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) جمہوریت کی پیٹھ پر چُھرا نہیں گھونپ سکتے ہیں اور نہ ہی عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچاسکتے ہیں۔'

عمران خان کی جانب سے سفارش کے لیے بیرون ملک سے فون کرائے جانے کے بیان سے متعلق نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ 'دورہ امریکا کے لیے عمران خان کے ساتھ پوری عسکری قیادت گئی ہے، مجھے یہ سمجھ نہیں آرہی کہ عمران خان بطور سلیکٹڈ وزیر اعظم عسکری قیادت کے ساتھ گئے ہیں یا عسکری قیادت ان کے ساتھ گئی ہے، جس کی اتنی حیثیت نہیں ہے کہ وہ تنہا ملک کی نمائندگی کر سکے اور جو لوگوں کو ساتھ لے کر جاتا ہے اس بے بس اور لاچار سے مانگنے کا کیا فائدہ، جبکہ دنیا کو بھی پتہ ہے کہ سلیکٹڈ وزیر اعظم کے بجائے کس سے بات کرنی ہے۔'

مزید پڑھیں: ڈیل دینے کی باتیں کرنے والے کو خود ڈیل کی ضرورت پڑ گئی ہے، مریم نواز

ان کا کہنا تھا کہ 'اتوار کو فیصل آباد میں پہلی احتجاجی ریلی ہے اور انتظامیہ نے اس ریلی کی اجازت نہیں دی کیونکہ یہ خوف میں مبتلا ہیں، گزشتہ روز جس طرح اسلام آباد بند کیا گیا ایسا لگ رہا تھا جیسے پاکستان پر بھارت حملہ کرنے والا ہے جبکہ کارکنوں کو گرفتار کیا گیا، فیصل آباد میں بھی یہی انتقامی کارروائی ہو رہی ہیں لیکن میں کل وہاں جاؤں گی اور ریلی بھی نکلے گی۔'

انہوں نے کہا کہ '(ن) لیگ بہت بڑی جماعت ہے جتنی گرفتاریاں کر لیں ہمیں کوئی کمزور نہیں کر سکتا جبکہ انتقامی کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔'

چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے مریم نواز نے کہا کہ 'جو کام غلط طریقے اور سازش کے ذریعے ہوا وہ واپس ہوگا۔'

انہوں نے کہا کہ 'حکومت اور سسٹم دو الگ الگ چیزیں ہیں، اگر سسٹم پر زبردستی ایک حکومت کو مسلط کیا جائے گا تو وہ حکومت چل نہیں سکتی۔'

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں