جج کی آڈیو، ویڈیو پر کوئی حتمی رپورٹ نہیں بنی، فردوس عاشق اعوان

اپ ڈیٹ 21 جولائ 2019
ایف آئی اے اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گی، فردوس عاشق اعوان—فوٹو: ڈان نیوز
ایف آئی اے اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گی، فردوس عاشق اعوان—فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جج ارشد ملک کی مبینہ خفیہ ویڈیو سے متعلق ڈی جی فرانزک پنجاب کی رپورٹ چلائی گئی جو غلط ہے اور ویڈیو، آڈیو کی کوئی حتمی رپورٹ نہیں بنی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران معاون خصوصی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عدالتیں، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور قومی احتساب بیورو (نیب) کے اختیارات اپنی مرضی کے تحت استعمال کرنا چاہتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جج ارشد ملک مبینہ کی ویڈیو بنانے والا ملزم گرفتار، 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

انہوں نے الزام لگایا کہ جھوٹ مافیا کا کام ہی ایسی کہانیاں ترتیب دینا ہے اور یہ اتنا جھوٹ بولتے ہیں کہ سچ لگنا شروع ہوجاتا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے واضح کیا کہ مذکورہ معاملہ سپریم کورٹ کے زیر نگرانی ہے اور ایف آئی اے اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’16 برس قبل بنائی گئی ویڈیو 5 منٹ میں ردوبدل کرکے چلائی گئی تاہم اس کے پس پشت مقاصد کے بارے میں ایف آئی اے عدالت کو رپورٹ پیش کرے گی۔

مزید پڑھیں: جج ارشد ملک ویڈیو کیس: سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل سے تجاویز طلب کرلیں

معاون خصوصی اطلاعات نے جج ارشد ملک کی مبینہ خفیہ ویڈیو سے متعلق تمام رپورٹس کو من گھڑت اور جھوٹ پر مبنی قرار دیا۔

واضح رہے کہ یہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ ایف آئی اے کو پنجاب سائنس فرانزک لیبارٹری کی موصول ہونے والی رپورٹ میں جج ارشد ملک کی مبینہ خفیہ ویڈیو میں ایڈیٹنگ نہ ہونے کی تصدیق کی گئی اور رپورٹ میں آڈیو ویڈیو کو بھی درست قرار دیا گیا۔

'حافظ سعید کی گرفتاری کا وزیراعظم کے دورہ امریکا سے کوئی تعلق نہیں'

کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کی گرفتاری پر گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ اس گرفتاری کا وزیراعظم عمران خان کے دوران امریکا سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اس دورے کا مقصد نیشنل ایکشن پلان کی ضرورتوں کو اجاگر کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'بھارت کی جانب سے پاکستان کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی بلیک لسٹ میں شامل کرنے کی کوششیں ہمارے دوست ممالک چین اور ملائشیا کی مدد سے ناکام ہوچکی ہیں۔'

مزید پڑھیں: حافظ سعید کی گرفتاری پر ڈونلڈ ٹرمپ کا ردعمل سامنے آگیا

انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ کالعدم جماعت کے سربراہ کی گرفتاری بھی نیشنل ایکشن پلان کے تحت ہوئی ہے۔

اعلیٰ ملکی قیادت کے دوران امریکا کے بارے میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے آرمی چیف اور ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ہمراہ دورہ امریکا سے دنیا کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ ملک میں سول اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سے پیغام جاتا ہے کہ انہوں نے قومی مفاد کو ہر چیز سے بالاتر رکھا ہے، جبکہ ماضی میں حکمران ریاستی اداروں کےخلاف ہرزہ سرائی کیا کرتے تھے۔

قبائلی اضلاع میں انتخابات امن کی جیت قرار

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات نے قبائلی اضلاع میں پہلی مرتبہ انتخابات کے انعقاد کو امن کی جیت قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں آزادانہ اور شفاف انتخابات پر قوم کو مبارک باد دیتی ہوں جہاں کسی بھی جماعت کی جیت دراصل امن کی جیت ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ پہلی مرتبہ ہوا کہ برسر اقتدار حکومت نے صوبے میں تمام دیگر جماعتوں کو انتخابی مہم کے لیے یکساں ماحول فراہم کیا۔

مزیدپڑھیں: خیبرپختونخوا:قبائلی اضلاع کی 16 نشستوں کیلئے پولنگ مکمل،ووٹوں کی گنتی جاری

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کی 16 عام نشستوں پر مجموعی طور پر 2 سو 85 امیدواروں نے انتخابی عمل میں حصہ لیا جن میں 2 خواتین امیدوار بھی شامل ہیں۔

انہوں نے قبائلی اضلاع میں امن کا ماحول برقرار رکھنے کے لیے افواج پاکستان اور عوام کو خراج تحسین پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج قبائلی عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے اپنی قیادت کا انتخاب کریں گے

معاون خصوصی نے کہا کہ ’جہاں کبھی بارود کی بو آتی تھی اب وہاں ووٹ کی خوشبو سے شفاف انتخابات کا عمل اختتام پذیر ہوا‘۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں