کراچی: طلبا و طالبات کو منشیات فروخت کرنے والا ’گروہ‘ گرفتار

اپ ڈیٹ 21 جولائ 2019
گروہ بلوچستان میں کاریں بیچتے تھے، پولیس—فائل فوٹو: ڈان نیوز
گروہ بلوچستان میں کاریں بیچتے تھے، پولیس—فائل فوٹو: ڈان نیوز

کراچی: پولیس نے پوش علاقے ڈیفنس میں نوجوان لڑکے لڑکیوں کو منشیات فراہم کرنے والی تین لڑکیوں سمیت مشتبہ گروہ کے 8 افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کردیا۔

اس حوالے سے ایس ایس پی جنوبی شیراز نذیر نے بتایا کہ مخبر کی اطلاع پر ایک گروہ کو حراست میں لیا گیا جو ڈیفنس اور کلفٹن میں نوجوان طلبا و طالبات کو منشیات کرتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: نوجوانوں میں آئس نشہ مقبول کیوں؟

انہوں نے مزید بتایا کہ گروہ میں تین لڑکیاں بھی شامل ہیں۔

شیراز نذیر کا کہنا تھا کہ گروہ کے قبضے سے چوری شدہ کاریں، اسلحہ اور آئس نشہ سمیت حشیش برآمد کرلی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ گروہ کے قبضے سے 5 پستول، 4 چوری شدہ کاریں، 6050 گرام حشیش اور 20 گرام آئس نشہ برآمد ہوا۔

پولیس نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق زیر حراست مشتبہ افراد نے کلفٹن، ڈیفنس سمیت دیگر علاقوں سے مجموعی طور پر 15 سے زائد کاریں چوری کرنے کا اعتراف کیا۔

مزیدپڑھیں: پشاور میں 'آئس فروشوں' کے خلاف کریک ڈاؤن، 77 ملزمان گرفتار

ملزمان نے اقرار کیا کہ وہ چوری شدہ کاریں بلوچستان کے ضلع خصدار کے علاقے وڈھ میں دو مشتبہ افراد مطیع الرحمٰن اور خالد کو دیتے تھے اور وہ بدلے میں حشیش، آئس نشہ اور نقد فراہم کرتے تھے۔

پولیس کے مطابق ملزم نے اعتراف کیا کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے دونوں مشتبہ افراد منشیات اور نقدی کراچی میں آکر حوالے کرتے تھے۔

ملزمان نے بتایا کہ وہ شہر کے پوش علاقوں میں قائم اسکول اور کالج میں طلبا و طالبات کو نشہ فرخت کرتے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں