’وزیراعظم نے اپوزیشن کی گرفتاریاں حکومت کی ایما پر ہونے کا اعتراف کیا‘

اپ ڈیٹ 22 جولائ 2019
جتنا اپوزیشن کو ہراساں کرتے ہیں اتنے لوگ ہمارا ساتھ دیتے ہیں— فوٹو: ڈان نیوز
جتنا اپوزیشن کو ہراساں کرتے ہیں اتنے لوگ ہمارا ساتھ دیتے ہیں— فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ کل واشنگٹن میں ہمارے سلیکٹڈ وزیر اعظم نے اپوزیشن کی گرفتاریاں حکومت کی ایما پر ہونے کا اعتراف کیا۔

اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ایک بار پھر یہ بات آشکار ہوچکی ہے کہ نام نہاد احتساب، حکومت کا انتقامی ایجنڈا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ بدقسمتی ہے کہ حکومت قومی اداروں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر کے ان کی ساکھ خاک میں ملارہی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ نیب کو جس طرح جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے استعمال کیا اسی طرح اسے آج پی ٹی آئی حکومت بچانے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو ہراساں کیا جارہا ہے لیکن جتنا اپوزیشن کو ہراساں کرتے ہیں اتنے لوگ ہمارا ساتھ دیتے ہیں۔

مزید پڑھیں: عمران خان جیلوں کو سیاسی قیدیوں سے بھرنا چاہتے ہیں، شہباز شریف

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ ہم نے کبھی اپنی آزادی پر سمجھوتہ نہیں کیا، ہم عوام کے حق اظہار رائے کو سلب نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک میں آئین کی حکمرانی پر کسی قسم کی قدغن برداشت نہیں کریں گے، ہم نے 71 سال ضائع کردیے اگلے 70 سال ضائع نہیں ہونے دیں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیر اعظم کی 2013 میں بھی وہی تقریر تھی آج بھی وہی تقریر ہے، چین میں تقریر کریں یا بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے سامنے ایک ہی تقریر ہے۔

انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم ثابت کررہے ہیں کہ نااہل ہیں، کل موصوف ایسے تقریر کررہے تھے جیسے کسی این جی او کا لیڈر لوگوں کو سبق پڑھا رہا ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے خیالی پلاؤ نہیں بنائے حقیقت میں لوگوں کے مسائل حل کیے۔

احسن اقبال نے کہا کہ کوئلے سے بجلی کی پیدوار کا کام مسلم لیگ ن کی حکومت کرچکی ہے، عمران خان واشنگٹن میں کوئلے سے بجلی کی پیدوار کا دعوی کررہے تھے۔

رہنما مسلم لیگ(ن) نے کہا کہ عمران خان امریکا میں تقریر بھی ایسے کر رہے تھے جیسے موچی دروازے میں کھڑے ہوکر کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ جس شخص کے اعصاب پر نواز شریف سوار ہو تو اس شخص کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کے خلاف جو کارروائی ہوئی ہے وہ سراسر انتقامی بنیادوں پر ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی کے خلاف کارروائی عمران خان کی ہدایت پر ہوئی جن کا گناہ یہ ہے کہ انہوں نے ملک سے گیس کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ شاہد خاقان نے 11 ماہ میں دنیا کا سستا ترین ایل این جی پلانٹ لگا کر پوری انڈسٹری کو حیران کردیا، اگر وہ یہ کام نہ کرتے تو پاکستان کی معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچتا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور وزار گمراہ کرتے ہیں کہ انہیں قطر سے ایل این جی معاہدے پر گرفتار کیا گیا، حکومتی وزرا پاکستان اور قطر کے درمیان تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

کل لگا جیسے وزیراعظم نہیں سپرنٹنڈنٹ جیل بول رہا ہے، مریم اورنگزیب

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ سابق وزیراعظم کو کرپٹ کہہ کر ان کے چہرے کو گدلا کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کل لگا جیسے وزیراعظم نہیں سپرنٹنڈنٹ جیل بول رہا ہے، وہاں لوگ سننے آئے تھے کہ کیا ترقی ہورہی ہے، ان کے پاس کہنے کو کچھ نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نیا پاکستان آپ کی آنکھوں کے سامنے بن رہا ہے، عمران خان کا امریکا میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب

مریم اورنگزیب نے کہا کہ وہاں بتاتے کہ آئی ایم ایف سے ملک کو گروی رکھ کر آیا ہوں، سب جیلوں میں بند ہیں جو نہیں ہیں وہ پی ٹی آئی میں ہیں۔

مسلم لیگ(ن) کی رہنما نے کہا کہ آپ ٹی وی کو بند ضرور کرسکتے ہیں لیکن 22 کروڑ عوام کی آواز بند نہیں کرسکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ(ن) آپ کو این آر او نہیں لینے دے گی نہ قوم آپ کو این آر او دے گی۔

چیئرمین سینیٹ کو اخلاقی طور پر عہدہ چھوڑ دینا چاہیے، مصدق ملک

پریس کانفرنس میں مصدق ملک نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو اخلاقی طور پر عہدہ چھوڑ دینا چاہیے، ہمیں یقین ہے کہ جس فورم پر حکومت کا رکن بیٹھا ہوگا وہاں عوام دوست فیصلے نہیں ہوں گے۔

مسلم لیگ(ن) کے رہنما نے کہا کہ آئین سے ماورا کہا جارہا ہے کہ منگل کے اجلاس میں عدم اعتماد پر بات نہ کریں، 4 ووٹ سے حکومت چل رہی ہے ہم نے کیا تیاری کرنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف بیل تو حمزہ شہباز جیل، شاہد خاقان عباسی جیل تو مفتاح اسمٰعیل بیل، نواز شریف جیل تو مریم نواز بیل ایک فہرست ہے جو بیان کی جاسکتی ہے۔

مزید پڑھیں: رانا ثنااللہ کو جیل میں گھر کا کھانا دینے کی درخواست مسترد

انہوں نے کہا کہ ایل این جی کا معاہدہ دو حکومتوں کا معاہدہ ہے، شاہد خاقان عباسی کا نام لینا ایسے ہے جیسے آپ قطر کی بات کررہے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ آپ اپنے انتقام میں اپنے دوست ملک قطر کو بھی گھسیٹ رہے ہیں، حکومت سے حکومت کے درمیان معاہدہ ہوا۔

مصدق ملک نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے قطر کے امیر سے ملاقات کی اور 13 عشاریہ 9 والی ڈیل نہیں کرسکے،کافی مشکل سے قطری حکومت نے 13 عشاریہ 7 والی ڈیل کرلی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایل این جی کا ٹرمینل شوکت عزیز کے دور سے لگانے کی کوشش کی جارہی تھی، شاہد خاقان عباسی نے 11 ماہ میں یہ ٹرمینل لگا دیا۔

رہنما مسلم لیگ(ن) نے کہا کہ ملک کے تمام انڈسٹریل سیکٹر کو سپلائی شروع ہوگئی، طریقہ کار پیپرا رولز کے مطابق اختیار کیا گیا ٹیکنیکل بولی حکومت نے نہیں اے ایس ائی ڈی نے کامیاب قرار دی۔

ان کا کہنا تھا کہ انتقام کی کارروائیاں صرف چور چور پر بات لے آئی ہیں، کیا آپ دنیا کو بتا رہے ہیں کہ یہ چوروں کا ملک ہے۔

مصدق ملک نے کہا کہ آپ بتائیں چوری کہاں ہوئی ہے؟یہ ایک آمرانہ ذہنیت ہے ملک کو فاشسٹ بنا رہے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں