گردے ہمارے جسم میں گمنام ہیرو کی طرح ہوتے ہیں جو کچرے اور اضافی مواد کو خارج کرتے ہیں جبکہ یہ نمک، پوٹاشیم اور ایسڈ لیول کو بھی کنٹرول کرتے ہیں، جس سے بلڈ پریشر معمول پر رہتا ہے، جسم میں وٹامن ڈی کی مقدار بڑھتی ہے اور خون کے سرخ خلیات بھی متوازن سطح پر رہتے ہیں۔

مگر گردوں کے امراض کافی تکلیف دہ اور جان لیوا بھی ثابت ہوسکتے ہیں۔

اگر گردوں کے مسائل کو علاج نہ کرایا جائے تو اس عضو کے افعال بتدریج ختم ہونے لگتے ہیں۔

تاہم اپنی غذائی عادات میں چند عام تبدیلیوں کو اپنا کر آپ گردوں کی صحت کو بہتر بناسکتے ہیں۔

سافٹ ڈرنکس سے گریز

سوڈا یا کاربونیٹ مشروبات متعدد طریقوں سے صحت کو نقصان پہنچاتے ہیں، ان مشروبات میں چینی بہت زیادہ ہوتی ہے جو فوری جسمانی توانائی تو فراہم کرتی ہے مگر طویل المعیاد بنیادوں پر صحت کو نقصان پہنچاتی ہے۔ یہ مشروبات گردوں کے لیے بھی نقصان دہ ہوتے ہیں، اس کی جگہ صحت بخش مشروبات جیسے لیموں کا پانی زیادہ بہتر انتخاب ہے یا ناریل کا پانی بھی صحت کے لیے فائدہ مند ہے۔

نمک کی مقدار پر نظر رکھیں

بہت زیادہ نمک کا استعمال گردوں کے مسائل کی بنیادی وجہ بنتا ہے، گردوں کے مریضوں کو بہت کم مقدار میں نمک کا استعمال کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے، اگر آپ اپنے گردوں کو زندگی بھر امراض سے بچانا چاہتے ہیں تو اعتدال میں رہ کر نمک کا استعمال کرنا چاہیے۔

پراسیس غذاﺅں سے اجتناب

پراسیس غذائیں یعنی چربی، نمک اور چینی سے بھرپور غذا کسی بھی طرح صحت کے لیے فائدہ مند نہیں، اگر آپ گھر کے کھانے کی بجائے باہر سے جنک فوڈ کو ترجیح دیتے ہیں، تو متعدد امراض کو دعوت دے رہے ہوتے ہیں۔ پراسیس غذاﺅں میں نقصان دہ چربی کی بھرمار ہوتی ہے اور اس طرح کی غذا کا بہت زیادہ استعمال دل، ہاضمے اور گردوں کی صحت کے لیے نقصان دہ ہوتا ہے۔

پانی کا استعمال بڑھائیں

پانی کا استعمال گردوں کی صحت پر بہت زیادہ اثرانداز ہوتا ہے، مناسب مقدار میں پانی پینا جسم سے زہریلے مواد کو خارج کرتا ہے، یعنی پانی کا زیادہ استعمال گردوں کے امراض کا خطرہ کم کرتا ہے، سادہ پانی سے لے کر ناریل کے پانی تک، اپنی پسند کے سیال کا انتخاب کریں جو گردوں کے افعال کو بھی بہتر کرے گا۔

پھلوں اور سبزیوں کا زیادہ استعمال

پھلوں اور سبزیوں میں متعدد غذائی اجزا پائے جاتے ہیں جو گردوں کو صحت مند رکھنے میں مدد دیتے ہیں، پھلوں اور سبزیوں میں نمکیات کی شرح بہت کم ہوتی ہے جبکہ کچھ پھل اور سبزیاں جیسے گوبھی، انگور، شملہ مرچ، پیاز، مولی اور انناس وغیرہ گردوں کی صحت کے لیے زیادہ فائدہ مند ہوتے ہیں۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

تبصرے (0) بند ہیں