تاپسی پنو دبنگ پولیس افسر بننے کی خواہاں

اپ ڈیٹ 23 جولائ 2019

ای میل

چاہتی ہوں کہ بولی وڈ فلم میں پولیس افسر کا کردار نبھاؤں، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام
چاہتی ہوں کہ بولی وڈ فلم میں پولیس افسر کا کردار نبھاؤں، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام

’پنک‘ اسٹار تاپسی پنو یوں تو اپنی آنے والی فلم ’مشن منگل‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور جلد ہی ریلیز ہونے والی فلم ’سانڈ کی آنکھ‘ میں ایکشن میں دکھائی دیں گی۔

تاہم انہوں نے فلموں میں کرداروں کے حوالے سے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہولی وڈ سائنس فکشن سیریز ’اوینجرز‘ کی کسی فلم میں سپر ہیرو کا کردار ادا کرنا چاہتی ہیں۔

ساتھ ہی تاپسی پنو نے کہا کہ ان کی شدید خواہش ہے کہ انہیں بولی وڈ فلموں میں ایک بہادر اور ایماندار پولیس افسر کا کردار ملے۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق تاپسی پنو نے ’جگرن فلم فیسٹیول‘ (جے ایف ایف) کے دہلی میں ہونے والے ایک سیشن میں بات کرتے ہوئے خواہش ظاہر کی کہ وہ ہولی وڈ فلم سیریز ’اوینجرز‘ میں سپر ہیرو کا کردار ادا کرنا چاہتی ہیں۔

اداکارہ روایتی لباس میں فیسٹیول میں شریک ہوئیں—فوٹو: جگرن فیسٹیول
اداکارہ روایتی لباس میں فیسٹیول میں شریک ہوئیں—فوٹو: جگرن فیسٹیول

جگرن فلم فیسٹیول ہر سال بھارت کے ایک درجن سے زائد شہروں میں منعقد ہوتا ہے اور اس فیسٹیول کے دوران فلموں کی نمائش سمیت شوبز شخصیات کے ساتھ گفتگو کے سیشنز رکھے جاتے ہیں۔

فیسٹیول کے ابتدائی سیشنز میں بات کرتے ہوئے تاپسی پنو نے بتایا کہ وہ ’اوینجرز‘ میں کسی سپر ہیرو کا کردار ادا کرنے والے اداکار کی جگہ نہیں لینا چاہتیں بلکہ وہ چاہتی ہیں کہ اس سیریز میں ایک بھارتی سپر ہیرو کا کردار بھی رکھا جائے جسے وہ نبھائیں۔

اداکارہ نے کھلے دل سے اعتراف کیا کہ ’اوینجرز‘ اور سائنس فکشن سیریز ان کی پسندیدہ فلمیں ہیں اور انہیں سپر ہیرو کا کردار ادا کرنے کی بہت خواہش ہے۔

اوینجرز میں بھارتی سپر ہیرو کردار ادا کرنا چاہتی ہوں، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام
اوینجرز میں بھارتی سپر ہیرو کردار ادا کرنا چاہتی ہوں، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام

تاپسی پنو کے مطابق اب تک ان کے کیریئر میں سپر ہیرو کا ہی وہ کردار رہ گیا ہے جو انہوں نے اب تک نہیں نبھایا۔

تاپسی پنو نے ایونٹ میں مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہاں انہیں سپر ہیرو کا کردار ادا کرنے کی خواہش ہے، وہیں وہ بولی وڈ فلموں میں ایک بہادر اور ایماندر پولیس افسر کا کردار بھی نبھانا چاہتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: تاپسی پنو کی فلم میں کام دلوانے کے لیے صحافیوں سے منتیں

اداکارہ نے حال ہی میں ریلیز ہونے والی ایوشمن کھرانہ کی فلم ’آرٹیکل 15‘ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اگر اس فلم میں ایوشمن کھرانہ کی جگہ انہیں کاسٹ کیا جاتا تو فلم مزید کامیاب ہوتے اور اس کے کئی بہتر نتائج نکلتے۔

تاپسی پنو نے وضاحت کی کہ اگرچہ ایوشمن کھرانہ نے ایک بہترین پولیس افسر کا کردار ادا کیا، تاہم ان کی ذاتی رائے ہے کہ اگر اسی فلم میں مرد پولیس افسر کے بجائے خاتون پولیس افسر کا کردار شامل کیا جاتا تو بہتر ہوتا۔

بولی وڈ فلم میں ایک بہادر پولیس افسر بننا چاہتی ہوں، تاپسی—فوٹو: انسٹاگرام
بولی وڈ فلم میں ایک بہادر پولیس افسر بننا چاہتی ہوں، تاپسی—فوٹو: انسٹاگرام

انہوں نے کہا کہ انہیں بھی کسی بولی وڈ فلم میں ایوشمن کھرانہ جیسے پولیس افسر کا کردار نبھانے کی خواہش ہے اور انہیں امید ہے کہ ایک دن انہیں فلم میں پولیس افسر بننے کا موقع مل ہی جائے گا۔

خیال رہے کہ تاپسی پنو آنے والی فلم ’مشن منگل‘ میں اکشے کمار اور ودیا بالن سمیت دیگر اداکاروں کے ساتھ ایک خاتون سائنسدان کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

مزید پڑھیں: ’اداکارہ ہوں، قطب مینار نہیں کہ ہر کوئی تصاویر کھینچتا رہے‘

علاوہ ازیں وہ ’سانڈ کی آنکھ‘ میں ایک ایسی ادھیڑ عمر دیہاتی خاتون کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی جو نشانہ بازی ۰شوٹنگ‘ میں اپنا نام پیدا کرتی ہیں۔

سائنس فکشن فلمیں پسند ہیں، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام
سائنس فکشن فلمیں پسند ہیں، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام

حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’گیم اوور‘ میں تاپسی پنو نے ذہنی پریشانی میں مبتلا ایک خاتون کا کردار نبھایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: تاپسی پنو کے فلم انڈسٹری کے حوالے سے حیران کن انکشافات

تقریبا ایک دہائی قبل تامل فلم ’جھمنڈی ندام‘ سے کیریئر کا آغاز کرنے والی 31 سالہ تاپسی پنو کی پہلی بولی وڈ فلم ’چشم بددور‘ 2012 میں ریلیز ہوئی تھی، ان کی دوسری ہندی فلم 2014 میں ’بے بی‘ ریلیز ہوئی۔

تاپسی پنو کو 2016 میں ریلیز ہونے والی فلم ’پنک‘ سے شہرت ملی، جس کے بعد وہ ’رننگ شادی، غازی اٹیک، نام شبانہ، دل جنگلی، سورما، جڑواں 2، ملک اور بدلہ‘ جیسی فلموں میں دکھائی دیں۔

جلد ہی وہ ’مشن منگل‘ اور ’سانڈ کی آنکھ‘ میں ایکشن میں دکھائی دیں گی۔

کسی سپر ہیرو اداکار کی جگہ نہیں بلکہ نیا کردار ادا کرنا چاہتی ہوں، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام
کسی سپر ہیرو اداکار کی جگہ نہیں بلکہ نیا کردار ادا کرنا چاہتی ہوں، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام