'رنبیر نے زبردستی جہاز میں بٹھایا اور خود میرے ساتھ نیویارک آگیا'

اپ ڈیٹ 24 جولائ 2019
رشی جلد واپسی ممبئی آنے کا ارادہ کررہے ہیں —فوٹو/ اسکرین شاٹ
رشی جلد واپسی ممبئی آنے کا ارادہ کررہے ہیں —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ اداکار رشی کپور گذشتہ 9 ماہ سے امریکا میں اپنے علاج کی غرض سے موجود ہیں جو اب جلد ہی صحت یابی کے بعد واپس بھارت آنے کا ارادہ کررہے ہیں۔

گذشتہ سال رشی کپور کو کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد سے وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ امریکا میں موجود ہیں جہاں متعدد بولی وڈ اداکارہ ان سے ملاقات کرنے بھی جاچکے ہیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل اداکار نے اپنے انٹرویو میں اعلان کیا تھا کہ اب وہ کینسر فری ہوچکے ہیں اور جلد اپنی اہلیہ کے ساتھ واپس بھارت لوٹیں گے۔

مزید پڑھیں: رشی کپور کو کینسر کی تشخیص؟

اور اب اداکار نے ایک اور انٹرویو میں بتایا کہ وہ 9 ماہ بعد اتنا طویل سفر کرکے گھر واپس آنے کے لیے بےحد پرجوش ہیں۔

رشی کپور کا کہنا تھا کہ 'میرے 45 سالہ کیریئر میں، میں نے کبھی اتنا لمبا بریک نہیں لیا، جب یہ بات سوچتا ہوں تو اندازہ ہوتا ہے کہ آپ کے فیصلے خدا کرتا ہے، میں نے ساڑھے 9 مہینوں سے کوئی فضائی سفر نہیں کیا، میں نیویارک سے باہر تک نہیں نکلا، لیکن مجھے خوشی ہے کہ میرے بچے، دوست اور خاندان والے میرے ساتھ ہیں'۔

اداکار نے اپنے اس لمحے کا تجربہ بھی شیئر کیا، جب انہیں پہلی بار کینسر میں مبتلا ہونے کا پتا چلا۔

یہ بھی پڑھیں: رشی کپور نے کینسر کو شکست دے دی

رشی کے مطابق 'میں دہلی میں شوٹنگ کررہا تھا، جب کینسر کے بارے میں پتا چلا، اس دوران میرا بیٹا (رنبیر کپور) دہلی آیا، جہاں اس نے پروڈیوسر سے بات کرکے سارے مسئلے کو سمجھایا، شام تک یہ لوگ مجھے ممبئی لے آئے اور اس کے فوری بعد وہ مجھے نیویارک لے گئے، مجھے کسی قسم کا ردعمل دینے کا موقع ہی نہیں ملا، رنبیر نے مجھے زبردستی جہاز میں بٹھایا اور خود میرے ساتھ نیویارک آیا، پھر سب خود ہی ہوتا چلا گیا'۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 'لوگ سوچتے تھے آخر میں امریکا میں کر کیا رہا ہوں، میں گھومتا پھرتا تھا، فلمیں دیکھتا تھا لیکن بس گھر نہیں آسکتا تھا کیوں کہ مجھے ہسپتال سے اس کی اجازت نہیں تھی'۔

خیال رہے کہ رشی کپور کے علاج کی غرض سے امریکا جانے کے بعد ان کی والدہ کرشنہ کپور کا ممبئی میں انتقال ہوگیا تھا، جن کی آخری رسومات میں رنبیر اور رشی دونوں ہی شریک نہیں ہوپائے تھے۔

مزید پڑھیں: ایک سال سے خاموش رشی کپور آخر کار کینسر پر بول پڑے

اس حوالے سے اداکار نے کہا کہ 'یہ میرے لیے بہت افسوس کی بات تھی، میں 29 ستمبر کو بھارت سے امریکا روانہ ہوا اور میری والدہ کا انتقال یکم اکتوبر کو ہوگیا، میری والدہ میری بیماری کے بارے میں جانتی تھی، میں آنا بھی چاہتا تھا لیکن نہ تو مجھ میں ہمت تھی اور میرے بھائی نے مجھے آگاہ کیا تھا کہ جب تک میں واپس آؤں گا کافی دیر ہوچکی ہوگی'۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال خبریں سامنے آئیں تھی کہ 66 سالہ رشی کپور کو کینسر کا مرض لاحق ہوگیا، تاہم ان کے خاندان نے ان خبروں کی تردید کی تھی اور ابتدائی طور پر اداکار کی بیماری بتانے سے گریز کیا تھا۔

تاہم بعدازاں نیتو کپور نے خود سوشل میڈیا پر رشی کپور کے کینسر میں مبتلا ہونے کی خبر کا اعلان کردیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں