یورپی یونین کی امریکی اشیا پر 39 ارب ڈالر کے اضافی ٹیرف لگانے کی دھمکی

اپ ڈیٹ 24 جولائ 2019
ہم منضبط تجارت، کوٹہ یا بر آمدی رکاوٹیں برداشت نہیں کریں گے، ٹیرف لگائے گئے تو ہم بھی حساب برابر کریں گے، یورپی یونین — فائل فوٹو/اے پی
ہم منضبط تجارت، کوٹہ یا بر آمدی رکاوٹیں برداشت نہیں کریں گے، ٹیرف لگائے گئے تو ہم بھی حساب برابر کریں گے، یورپی یونین — فائل فوٹو/اے پی

برسلز: یورپی یونین کے تجارتی سربراہ کا کہنا ہے کہ اگر امریکا ان کی گاڑیوں پر ڈیوٹیز میں اضافہ کرے گا تو امریکی اشیا پر بھی 35 ارب یورو کے اضافی ٹیرف لگائے جائیں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کی کمشنر تجارت سیسیلیا مالمسٹروم کا کہنا ہے کہ یورپ اور امریکا کے درمیان محدود تجارتی معاہدے کا منصوبہ اب بھی برقرار ہے۔

مزید پڑھیں: یورپی یونین کا انتباہ، امریکا کا وینزویلا میں ’آزادی کا ساتھ‘ دینے پر زور

نو منتخب رکن یورپی پارلیمنٹ کے لیے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کی چین سے تجارتی جنگ توجہ کا مرکز ہے مگر بحراوقیانوس کے پار بھی کشیدگی موجود ہے۔

انہوں نے یورپی پارلیمنٹ کے کمیٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'ہم منضبط تجارت، کوٹہ یا بر آمدی رکاوٹیں برداشت نہیں کریں گے اور اگر ٹیرف لگائے گئے تو ہمارے پاس بھی حساب برابر کرنے کا اختیار ہے'۔

ان کا کہنا تھا 'ہم نے اسے پہلے ہی تیار کرلیا ہے جس کی لاگت 35 ارب یورو (39 ارب ڈالر) ہے، امید کرتا ہوں کہ اسے استعمال کرنے کی ہمیں ضرورت نہیں پڑے گی'۔

یہ بھی پڑھیں: یورپ کا تجارتی طریقہ ہمارے ساتھ 'گھٹیا مذاق' ہے، ایرانی سپریم لیڈر

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی گاڑیوں کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے آٹو موبائل کی درآمدات پر ڈیوٹیز عائد کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

کمشنر تجارت کا کہنا تھا کہ 'ہم گاڑیوں اور گاڑیوں کے پرزوں پر اب تک ڈیوٹی عائد نہ کرنے کے امریکی فیصلے کو خوش آئند سمجھتے ہیں تاہم یورپی گاڑیوں کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دینے کا بیان بے تکا ہے'۔

تبصرے (0) بند ہیں