وزیراعظم عمران خان دورہ امریکا مکمل کرکے وطن واپس روانہ

اپ ڈیٹ 24 جولائ 2019
وزیراعظم 3 روزہ سرکاری دورے پر امریکا گئے تھے—فوٹو: فیس بک
وزیراعظم 3 روزہ سرکاری دورے پر امریکا گئے تھے—فوٹو: فیس بک

واشنگٹن: وزیر اعظم عمران خان تین روزہ دورہ امریکا مکمل کرکے واپس وطن روانہ ہوگئے۔

وطن واپسی کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے تصاویر شیئر کی گئیں، جن میں ان کے ہمراہ مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور معاون خصوصی زلفی بخاری بھی نظر آئے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم ٹرمپ کی میزبانی کے مشکور، 'افغان امن عمل میں مدد کریں گے'

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان 21 سے 23 جولائی تک 3 روزہ سرکاری دورے پر واشنگٹن گئے تھے، جہاں ان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، عبدالرزاق داؤد، ذوالفقار بخاری بھی موجود تھے۔

وزیراعظم کے ہمراہ مشیر تجارت اور معاون خصوصی بھی نظر آئے—فوٹو: فیس بک
وزیراعظم کے ہمراہ مشیر تجارت اور معاون خصوصی بھی نظر آئے—فوٹو: فیس بک

اپنے دورے کے دوران انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو، امریکی کانگریس اراکین اور تاجروں سے ملاقات کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان اور امریکا کا مقصد مشترک ہے، عمران خان

اس کے ساتھ ساتھ وزیراعظم عمران خان نے امریکی نشریاتی ادارے کو بھی انٹرویو دیا تھا، جس میں انہوں نے افغان امن عمل، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی واپسی، پاک-بھارت تعلقات پر بھی بات چیت کی تھی۔

اس کے علاوہ وزیراعظم نے واشنگٹن میں کیپیٹل ون ارینا میں امریکا میں مقیم پاکستانیوں کے جم غفیر سے خطاب بھی کیا تھا اور کہا جارہا ہے کہ یہ کسی بھی پاکستانی لیڈر کا امریکا میں سب سے بڑا جلسہ تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں