بھارت: فوج سے ریٹائرڈ مسلمان کیپٹن بہیمانہ تشدد کے بعد قتل

اپ ڈیٹ 29 جولائ 2019
امان اللہ کے سر پر گہری چوٹ لگنے سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے—فائل فوٹو: ڈان نیوز
امان اللہ کے سر پر گہری چوٹ لگنے سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے—فائل فوٹو: ڈان نیوز

بھارتی ریاست اترپردیش میں انتہاپسند ہندؤوں کے ایک ہجوم نے بھارتی فوج سے ریٹائرڈ ایک مسلمان کیپٹن کو بہیمانہ تشدد کرکے قتل کر دیا۔

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق مسلمان کیپٹن کے قتل کا واقعہ اترپردیش کے ضلع امیتی میں پیش آیا۔

ایس ایس پی دیارام نے بتایا کہ 64 سالہ کیپٹن (ر) امان اللہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ گھر تھے جب انتہاپسند ہندوؤں کے ایک ہجوم نے لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے حملہ کردیا۔

مزیدپڑھیں: بھارت: مسلمان شخص کو قتل کرنےاورلاش جلانے کی ویڈیو وائرل

ان کا کہنا تھا کہ امان اللہ کے سر پر گہری چوٹ لگنے سے وہ موقعے پر ہی دم توڑ گئے تھے۔

اس ضمن میں امان اللہ کے بیٹے نے بتایا کہ ان کے والد اور والدہ دونوں گھر میں موجود تھے جب ان پر حملہ ہوا۔

پولیس کے مطابق کیپٹن ریٹائرڈ امان اللہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئی جبکہ تحقیقات جاری ہیں۔

واضح رہے کہ 15 ستمبر 2018 کو امریکا کے آزاد ذرائع نے اپنی تحقیق میں انکشاف کیا تھا کہ مذہبی انتہا پسندی اور پرتشدد واقعات سمیت ریاستی سطح پر قانون سازی، گاؤ رکشک بل، غیر سرکاری تنظیموں کو حاصل آزادی پر قدغن بھارتی ریاست کے بنیادی نظریے ’سیکولرزم‘ کو مسخ کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: انتہا پسند ہندو تنظیم شیو سینا کی تاج محل میں ’پوچا‘ کی دھمکی

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ہندوتوا باقاعدہ سیاسی طاقت کے روپ میں ابھر رہی ہے اور یہ طاقت گزشتہ چند دہائیوں سے بھارتی سیکولرزم کی جڑ کو کھوکھلا کر رہی ہے، جس کے نتیجے میں مذہبی آزادی کا تصور خام خیال بن چکا ہے۔

20 صفحات پر مشتمل رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ بھارت میں پرتشدد واقعات کے پھیلنے کا بڑا سبب سوشل میڈیا ہے، جہاں جذبات کو بھڑکانے کے لیے بھرپور کام ہو رہا ہے۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 2014 میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی حکمراں جماعت بی جے پی کی کامیابی کے بعد مذہبی آزادی کے حوالے سے مسائل نے جنم لینا شروع کر دیا تھا۔

مزیدپڑھیں: بھارت: مسلمان شخص کا تشدد کے بعد قتل، 11 افراد گرفتار

سی آر ایس کی رپورٹ میں واضح کیا گیا تھا کہ بھارت میں مذہبی انتہا پسندی کے باعث امریکا اور بھارت کے درمیان تعلقات میں دراڈ پیدا ہوئی ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

صباجوہی Jul 28, 2019 10:57pm
یہ ہے سیکولر ریاست کا دعویٰ کرنے والے بھارت کا اصل چہرہ جو دنیا کے سامنے آ گیا ہے۔پاکستان کو دہشت گرد قرار دلوانے کے خواہشمند بھارت میں ایک انتہاپسندی اس عروج پر پہنچ چکی ہے کہ ہجوم کے ذریعے پرتشدد قتل کے واقعات وقتاً فوقتاً سامنے آ تے ہیں۔اور اس ہجوم گردی کا شکار بھارت کی مسلم اقلیت کو بنایا جاتا ہے۔BJP,RSS اور بھارت کی ہندو انتہا پسند جماعتوں نے بھارت کو واقعی ہندوستان بنا دیاہے۔جہاں سب ہندوازم کے علاوہ کسی اور مذہب کے لیے گنجائش کم سے کم ہو رہی ہے۔ جب نفرت کا یہ عالم ہو کہ اپنی ہی فوج کے ر یٹائرڈ کو اس بربریت سے مارا جائے۔تو ایک عام گمنام مسلمان کا کیا حشر ہوتاہوگا۔ پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کو بھارت مستعدی سے عالمی دنیا میں لے جانے کے لیے تیار رہتاہے۔کیاپاکستانیوں کا یہ فرض نہیں کہ وہ بھی اسی طرح دنیا کے سامنے بھارت کو بے نقاب کریں۔اور زیادہ سے زیادہ اس دہشت گردی کو بے نقاب کریں۔