پلک جھپکنے پر زوم کرنے والے لینس تیار

01 اگست 2019
امریکی سائنسدانوں نے یہ کامیابی حاصل کی — شٹر اسٹاک فوٹو
امریکی سائنسدانوں نے یہ کامیابی حاصل کی — شٹر اسٹاک فوٹو

سائنسدانوں نے ایسے کانٹیکٹ لینس تیار کیے ہیں جو پلک جھپکنے پر زوم کرنے میں مدد دیتا ہے جبکہ آنکھوں کی حرکت سے لینس کو کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔

امریکا کی کیلیفورنیا یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے یہ یہ لینس ٹیکنالوجی تیار کی ہے اور تحقیقی ٹیم کے قائد شینگ چیانگ کائی کے مطابق آنکھوں کی حرکت جیسے پلک جھپکنا اس ڈیوائس تک سگنل پہنچاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آنکھوں میں الیکٹرو آکولوگرافک طاقت موجود ہے چاہے ہم سو ہی کیوں نہ رہے ہو۔

انہوں نے بتایا کہ جب ہماری آنکھ کچھ نہیں دیکھتی تو بھی بیشتر افراد پتلیوں کو حرکت دے سکتے ہیں اور الیکٹرو آکولوگرافک سگنل پیدا کرتے ہیں۔

سائنسدانوں نے اس کا تجزیہ کرکے وہ طریقہ دریافت کیا جس سے لینس کے فوکل لینتھ (ماسکی طول) کو بدلا جاسکے۔

تحقیق میں دعویٰ کیا گیا کہ لینس میں استعمال کیا جانے والا نرم میٹریل اپنے فوکل لینتھ کو 32 فیصد تک بڑا کرسکتا ہے جبکہ لینس کی شکل بھی بدل جاتی ہے۔

تجربات کے دوران تحقیقی ٹیم نے غیر موصل لچکدار ربڑ جیسے مادے کی مدد سے کامیابی حاصل کی۔

سائنسدانوں کا کہنا تھا کہ یہ لینس بینائی کی خرابی، ایڈجسٹ ہونے والے چشموں اور مستقبل میں دور دراز سے روبوٹک مشینوں کو آپریٹ کرنے میں مدد دے سکیں گے ۔

ویسے ابھی بھی انسان اسے پہن کر جاسوسی کا کام بخوبی کرسکیں گے، یا کم از کم ایسا خواب تو دیکھ ہی سکتے ہیں کیونکہ فی الحال ان لینسز کو فروخت کے لیے پیش نہیں کیا جارہا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں