مس وینزویلا مقابلہ: دوشیزاؤں کی جسمانی ساخت خفیہ رکھی جائے گی

مقابلے میں شامل ہونے والی دوشیزاؤں کے خدوخال کا اعلان تقریبات میں کیا جاتا رہا ہے—فوٹو: مس وینزویلا سائٹ
مقابلے میں شامل ہونے والی دوشیزاؤں کے خدوخال کا اعلان تقریبات میں کیا جاتا رہا ہے—فوٹو: مس وینزویلا سائٹ

دنیا میں بھر میں ہونے والے خوبصورتی کے مقابلے ویسے تو کسی نہ کسی وجہ سے تنازع کا شکار بنتے ہی ہیں۔

تاہم گزشتہ چند سال سے ان مقابلوں پر تنقید میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

جہاں رواں برس بھارت میں ’مس انڈیا‘ کے مقابلے میں شارٹ لسٹ کی گئی تمام لڑکیوں کے رنگ گورے ہونے پر اعتراض کیا گیا تھا۔

وہیں جنوبی امریکی ملک وینزویلا میں بھی گزشتہ چند سال سے مقابلہ حسن کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا۔

مجموعی طور پر مقابلے میں 24 دوشیزائیں حصہ لیتی ہیں—فوٹو: مس وینزویلا انسٹاگرام
مجموعی طور پر مقابلے میں 24 دوشیزائیں حصہ لیتی ہیں—فوٹو: مس وینزویلا انسٹاگرام

مسلسل تنقید کے بعد اب مقابلہ حسن منعقد کرنے والی انتطامیہ نے رواں برس کے فیسٹیول میں پہلی بار بڑی تبدیلی کا اعلان کردیا۔

وینزویلا میں مقابلہ حسن منعقد کرنے والی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ اس بار مقابلے میں حصہ لینے والی دوشیزاؤں کے جسمانی خدوخال کو عام کرنے کے بجائے انہیں خفیہ رکھا جائے گا۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق رواں برس ’مس وینزویلا‘ کے مقابلے میں تاریخ میں پہلی بار مقابلے میں حصہ لینے والی دوشیزاؤں کی جسمانی ساخت کا اعلان نہیں کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق اس بار مقابلے میں شامل ہونے والی 24 حسیناؤں کی جسامت یعنی ان کی چھاتی اور کمر کے سائز کے حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا جائے گا۔

مس وینزویلا منتخب ہونے والی دوشیزا کو مس یونیورس کے لیے بھیجا جاتا ہے—فوٹو: مس وینزویلا انسٹاگرام
مس وینزویلا منتخب ہونے والی دوشیزا کو مس یونیورس کے لیے بھیجا جاتا ہے—فوٹو: مس وینزویلا انسٹاگرام

عام طور مس وینزویلا کے مقابلے کے دوران مقابلے میں شریک ہونے والی 24 دوشیزاؤں کی جسمانی ساخت کا اعلان اس وقت کیا جاتا ہے جب وہ ناظرین کے سامنے اسٹیج پر واک کرنے آتی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق مقابلے کے دوران اسٹیج پر واک کے دوران دوشیزاؤن کی جسمانی ساخت اور خدوخال کا اعلان کیے جانے سے مقابلے میں حصہ لینے والی لڑکیوں کو مسقبل میں مسائل کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔

انتظامیہ نے یہ اعلان ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب کہ 2 دن بعد ہی مس وینزویلا کے انتخابات کا مقابلہ ہوگا۔

خوبصورتی کی ریس میں ایک دوسرے کو شکست دینے کے لیے میدان میں اترنے والی کم عمر دوشیزاؤں کے جسمانی خدوخال کے اعلان پر گزشتہ چند سال سے سماجی تنطیموں اور سماجی کارکنان نے سخت احتجاج ریکارڈ کروایا، جس کے بعد انتطامیہ نے پہلی بار مقابلے کے اصول تبدیل کیے۔

دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والی لڑکیوں کو بھی عالمی مقابلوں میں بھیجا جاتا ہے—فوٹو: مس وینزویلا انسٹاگرام
دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والی لڑکیوں کو بھی عالمی مقابلوں میں بھیجا جاتا ہے—فوٹو: مس وینزویلا انسٹاگرام

اگرچہ مقابلہ منعقد کرنے والے ادارے نے دوشیزاؤں کی جسامت کو خفیہ رکھنے کا اعلان کیا ہے، تاہم ادارے نے مقابلے میں شارٹ لسٹ ہونے والی لڑکیوں کی خوبصورتی پرکھنے کے پیمانے کو تبدیل کرنے سے متعلق کوئی وضاحت نہیں کی۔

مقابلہ منعقد کرنے والی انتطامیہ اب بھی دوشیزاؤں کو خوبصورتی کے پرانے پیمانے پر ہی منتخب کرے گی یعنی ان کے جسمانی خدوخال کو نوٹ کیا جائے گا، تاہم اس کا اعلان نہیں کیا جائے گا۔

تنظیم نے یہ اعلان مقابلے سے 2 دن قبل کیا—فوٹو: مس وینزویلا انسٹاگرام
تنظیم نے یہ اعلان مقابلے سے 2 دن قبل کیا—فوٹو: مس وینزویلا انسٹاگرام

مس وینزویلا کی طرح دوسرے ممالک میں بھی خوبصورتی کے مقابلے منعقد کرنے والے ادارے تنقید کے بعد اب آہستہ آہستہ تبدیلیاں متعارف کرا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ وینزویلا کا شمار دنیا کے ان چند ممالک میں ہوتا ہے، جہاں کی دوشیزائیں عالمی مقابلوں میں خوبصورتی میں دیگر ممالک کی لڑکیوں کو شکست دینے میں کامیاب جاتی ہیں۔

مس وینزویلا کے مقابلے کے لیے 24 لڑکیوںمیں مقابلہ ہے—فوٹو: مس وینزویلا انسٹاگرام
مس وینزویلا کے مقابلے کے لیے 24 لڑکیوںمیں مقابلہ ہے—فوٹو: مس وینزویلا انسٹاگرام

وینزویلا نے اب تک مس ورلڈ، مس یونیورس، مس انٹرنیشنل اور مس ارتھ کے عالمی مقابلہ حسن کے 127 مقابلوں میں حصہ لیا ہے اور اب تک 30 مقابلوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔

وینزویلا مس یونیورس کا مقابلہ جیتنے والا امریکا کے بعد دوسرا بڑا ملک ہے جب کہ مس ورلڈ اور مس انٹرنیشنل میں وہ پہلے نمبر پر ہے۔

وینزویلا کی دوشیزائیں زیادہ تر اپنے قد، رنگت، اداؤں، جسمانی خدوخال اور سائز کے باعث دیگر ممالک کی لڑکیوں کو پیچھے چھوڑنے میں کامیاب جاتی ہیں۔

مقابلے میں شریک ہونے والی دوشیزائیں 25 سال سے کم عمر ہوتی ہیں—فوٹو: مس وینزویلا انسٹاگرام
مقابلے میں شریک ہونے والی دوشیزائیں 25 سال سے کم عمر ہوتی ہیں—فوٹو: مس وینزویلا انسٹاگرام