ملک کی جیلوں میں گنجائش سے 42 فیصد زائد قیدیوں کی موجودگی کا انکشاف

اپ ڈیٹ 02 اگست 2019
80 ہزار 145 میں سے ایک ہزار 135 قیدی نابالغ ہیں —تصویر: شٹراسٹاک
80 ہزار 145 میں سے ایک ہزار 135 قیدی نابالغ ہیں —تصویر: شٹراسٹاک

اسلام آباد: وفاقی محتسب نے سپریم کورٹ کو آگاہ کیا ہے کہ ملک کے چاروں صوبوں میں موجود 98 جیلوں میں 56 ہزار 495 قیدیوں کی گنجائش کے مقابلے میں 80 ہزار 145 افراد قید ہیں جو گنجائش سے تقریباً 42 فیصد زائد تعداد ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ معلومات عدالت عظمیٰ میں وفاقی محتسب کے دفتر کی جانب سے سینئر وکیل حافظ احسان احمد کھوکھر کے ذریعے جمع کروائی گئی رپورٹ میں فراہم کی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق 80 ہزار 145 میں سے 45 ہزار 423 قیدی پنجاب کی 42 جیلوں، 16 ہزار 739 سندھ، 15 ہزار 696 خیبرپختونخوا اور 2 ہزار 14 بلوچستان کی جیلوں میں قید ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی جیلوں میں قیدیوں کی تعداد گنجائش سے 57 فیصد زائد

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ان قیدیوں میں سے ایک ہزار 135 قیدی نابالغ ہیں اس کے علاوہ ان قیدیوں میں 24 ہزار 280 قیدی سزا یافتہ جبکہ 51 ہزار 710 زیر تفتیش ملزمان ہیں۔

سپریم کورٹ کو یہ معلومات ملک کی جیلوں میں گنجائش سے زائد قیدیوں کی صورتحال کے حوالے سے لیے گئے ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران فراہم کی گئیں۔

رپورٹ میں وفاقی محتسب نے یہ بھی بتایا کہ پنجاب کی 28 جیلوں میں 785 خواتین قیدی بھی موجود ہیں، ان تمام جیلوں میں خواتین قیدیوں کے لیے علیحدہ بیرکس اور عمارتیں تعمیر کی گئیں ہیں۔

مزید پڑھیں: کیمپ جیل میں 3500 قیدیوں کیلئے صرف ایک ڈاکٹر ہے، جیل حکام

ان خواتین کے بلاکس کی نگرانی خواتین عملہ کرتا ہے جبکہ تمام جیلوں میں خواتین قیدیوں کو چارپائیاں اور واش روم کی سہولیات بھی میسر ہے۔

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران 5 نئی جیلیں ڈسٹرک جیل لودھراں، ہائی سیکیورٹی جیل میانوالی، سب جیل سمندری، سب جیل پنڈی بھٹیاں اور سب جیل گوجرہ کی تعمیر مکمل ہوجائے گی جس میں 2 ہزار 644 قیدیوں کی گنجائش ہوگی۔

اسی طرح خیبر پختونخوا میں میں بھی سالانہ ترقیاتی منصوبے کے تحت 3 ضلعی جیلوں کی تعمیر کا عمل جاری ہے جبکہ آئندہ سال کے ترقیاتی منصوبے کے تحت بھی ایک ضلعی جیل تعمیر کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: مشرق وسطیٰ کی جیلوں میں ہزاروں پاکستانیوں کی موجودگی کا انکشاف

وفاقی محتسب کے مطابق وزارت داخلہ نے انہیں بتایا کہ اسلام آباد ماڈل پرزن کے لیے سیکٹر ایچ-16 میں 720 کنال زمین حاصل کرلی گئی ہے جبکہ تعمیر کے لیے پی سی-1 بھی منظور کروایا جاچکا ہے اس منصوبے پر 3 ارب 90 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں