شناخت بدل کر پاکستان میں رہائش پذیر بھارتی شہری گرفتار

اپ ڈیٹ 02 اگست 2019
کامران، پنجم تیواری کو جعلی پاسپورٹ پر پاکستان لے کر آیا تھا — فائل فوٹو: اے ایف پی
کامران، پنجم تیواری کو جعلی پاسپورٹ پر پاکستان لے کر آیا تھا — فائل فوٹو: اے ایف پی

گوجرانوالہ: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے جعلی دستاویزات پر رہائش پذیر بھارتی شہری کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق مذکورہ شخص 10 سال سے گوجرانوالہ میں رہائش پذیر تھا جس کو پناہ فراہم کرنے والے شہری کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیا۔

اس ضمن میں ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر عامر نواز نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پنجم تیواری نامی شخص 2009 میں ملازمت کے سلسلے میں دبئی گیا تھا جہاں اس کی ملاقات گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے شہری کامران سے ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی شہری ’محبت میں ناکامی‘ پر بھارتی سرحد پار کرتے ہوئے گرفتار

جس کے بعد دونوں کاروباری شراکت دار بن گئے تھے اور کامران، پنجم تیواری کو جعلی پاسپورٹ پر پاکستان لے آیا تھا۔

بعدازاں پنجم تیواری نے اسلام قبول کر کے بلال نام اختیار کیا اور کامران کی بہن رخسانہ کے ساتھ اس کی شادی کردی گئی تھی۔

ایف آئی اے عہدیدار کا مزید کہنا تھا کہ مذکورہ شخص نے جعلی پیدائشی سرٹیفکیٹ، قومی شناختی کارڈ اور نکاح نامہ وغیرہ بنوا کر پاکستان میں ہی رہائش اختیار کرلی تھی۔

مزید پڑھیں: کراچی سے 9 بھارتی شہری گرفتار

ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عامر سندھو کے ساتھ انسپکٹر نوید احمد، سب انسپکٹر شاہزیب، نے مومن آباد میں موجود مکان پر چھاپہ مار کر پنجم کو گرفتار کیا جبکہ کامران کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیا۔


یہ خبر 2 اگست 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں