راولپنڈی: بچیوں کے ریپ اور اغوا کے 29 مقدمات میں مطلوب ملزم جیل منتقل

اپ ڈیٹ 03 اگست 2019
ملزم 10 سے 12 سال کی بچیوں کو اغوا کرتا تھا — فائل فوٹو/ اے ایف پی
ملزم 10 سے 12 سال کی بچیوں کو اغوا کرتا تھا — فائل فوٹو/ اے ایف پی

راولپنڈی میں مقامی مجسٹریٹ کی عدالت نے پنجاب میں بچیوں کو اغوا اور ریپ کا نشانہ بنانے والے ملزم کو شناختی پریڈ کے لیے جیل بھیج دیا۔

سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) راولپنڈی محمد فیصل رانا کے مطابق پنجاب میں ملزم کے خلاف 29 مقدمات درج ہوچکے ہیں جن میں سے 15 ضلع میانوالی، 7 ضلع لیہ، 2 مظفر گڑھ، 4 راولپنڈی اور ایک اسلام آباد میں درج کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے سی پی او محمد فیصل رانا نے ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے ملزم کی شناخت کی گئی اور گرفتاری کے لیے تکنیکی بنیادوں پر تفتیش کی گئی۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا: بندوق کے زور پر بچے کا ’ریپ‘

انہوں نے کہا کہ ملزم کو گزشتہ روز راولپنڈی میں اڈیالہ روڈ سے گرفتار کیا گیا اور گرفتاری کے بعد وارداتوں میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل بھی برآمد کرلی گئی۔

سی پی او نے کہا کہ ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے جہاں شکایت کنندگان اور گواہان کو شناخت کے لیے بلایا جائے گا، ملزم نے کچھ بچوں پر حملہ کیا اور دیگر کو اغوا کرنے کے بعد ان کے ساتھ زیادتی کی کوشش کی۔

محمد فیصل رانا نے مزید کہا کہ ملزم 10 سے 12 سال کی بچیوں کو اغوا کرتا تھا جبکہ اس نے ایک ماہ کے دوران 8 بچیوں کو اغوا کیا تھا، ملزم بچیوں کو جس علاقے سے اغوا کرتا تھا اسی کے آس پاس چھوڑ جاتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بچوں کا اغوا، ریپ روکنے کیلئے 'زینب الرٹ بل' کا ابتدائی مسودہ منظور

سی پی او نے مقدمات درج کروانے والے شکایت کنندگان کو ملزم کی گرفتاری کی اطلاع دی جبکہ مزید زیر التوا کیسز کو رجسٹر کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملزم کو قانون کے مطابق نشان عبرت بنائیں تاکہ مستقبل میں کسی میں بھی قوم کی بیٹیوں کے ساتھ ایسا کرنے کی ہمت نہ ہو۔

ادھر ترجمان راولپنڈی پولیس باقر ہمدانی کے مطابق ملزم کی گرفتاری سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں