کمشنر کراچی کا کے-الیکٹرک سے غفلت برتنے والے ملازمین کےخلاف کارروائی کا مطالبہ

اپ ڈیٹ 03 اگست 2019
کے-الیکٹرک کے ترسیل کار نظام بہتر بنائے، کمشنر کراچی— فائل فوٹو: اے ایف پی
کے-الیکٹرک کے ترسیل کار نظام بہتر بنائے، کمشنر کراچی— فائل فوٹو: اے ایف پی

کراچی کی انتظامیہ نے شہر میں بجلی کی ترسیل کار کمپنی کراچی الیکٹرک (کے-الیکٹرک) سے حالیہ بارشوں کے دوران لاپروائی برتنے والے ملازمین کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس کے خلاف کیسز بھی درج کروائے جاسکتے ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے کے-الیکٹرک حکام کے ساتھ ملاقات کی، اس دوران انہوں نے کراچی میں ادارے کی خراب کارکردگی پر شدید ناراضی اور تشویش کا اظہار کیا جو 20 افراد کی موت باعث بنی۔

خیال رہے کہ شہری انتظامیہ نے کرنٹ لگنے کے باعث ہونے والی اموات کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کیا تھا جس میں دیگر متعلقہ حکام کو بھی طلب کیا گیا تھا۔

اجلاس کمشنر کراچی کے دفتر میں ہوا جس میں کے-الیکٹرک کے نمائندوں، صوبائی حکومت کے الیکٹرکل انسپکٹر، مینجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ (کے ڈبلیو ایس بی)، صوبائی سیکریٹری توانائی اور نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے نمائندوں نے شرکت کی۔

مزید پڑھیں: ’بارش کے بعد کی صورتحال پر قابو پانا انسانی اختیار سے باہر تھا‘

ذرائع کے مطابق کمشنر کراچی نے کے-الیکٹرک کے ترسیل کار نظام کی بہتری کا مطالبہ بھی کردیا۔

کمشنر کراچی نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے بھی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے غم اور تشویش کا اظہار کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس کے دوران کے-الیکٹرک حکام سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ان واقعات میں لاپروائی کرنے والوں کی آئندہ 2 روز میں نشاندہی کرتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کریں۔

اس کے ساتھ ساتھ کے-الیکٹرک حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آئندہ 48 گھنٹوں کے اندر کراچی میں ہونے والے تمام واقعات کی علیحدہ علیحدہ تفصیلات کمشنر کراچی کو ارسال کریں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹوٹی ہوئی تاروں سے جانی نقصان پر کے-الیکٹر ک کے خلاف مقدمہ درج

کمشنر کراچی نے بجلی کی ترسیل کار کمپنی کو متاثرہ خاندان کو معاوضہ بھی ادا کرنے کی ہدایت کی۔

کنڈے کرنٹ لگنے کا باعث بنے، کے-الیکٹرک

اجلاس کے دوران کے-الیکٹر کے نمائندے نے حکام کو بتایا کہ زیادہ تر واقعات میں کنڈے کرنٹ لگنے کا باعث بنے ہیں۔

تاہم بجلی کی ترسیل کار کمپنی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے تاروں کو مناسب طریقے سے لگائیں۔

تبصرے (0) بند ہیں