فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام کو ضم کرنے کا کام مکمل

03 اگست 2019
اس فیچر کو سوشل میڈیا ٹیکنالوجی میں انقلاب کے طور پر دیکھا جا رہا ہے—فوٹو: مائی نیشن
اس فیچر کو سوشل میڈیا ٹیکنالوجی میں انقلاب کے طور پر دیکھا جا رہا ہے—فوٹو: مائی نیشن

دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ فیس بک نے رواں برس کے آغاز میں ہی اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی سوشل شیئرنگ ایپ انسٹاگرام اور میسینجر ایپ واٹس ایپ کو ضم کرے گی۔

کمپنی کا کہنا تھا کہ فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام کو ضم کرنے کا ابتدائی مرحلہ 2019 کے آخر یا پھر 2020 تک مکمل کرلیا جائے گا۔

کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ نئے فیچرز کے تحت تمام صارفین ایک ہی ایپ پر رہتے ہوئے ہر جگہ اپنا مواد شیئر کرنے سمیت ہر ایپ اور ویب سائٹ کے دوستوں کے ساتھ گفتگو کرنے کے اہل ہوجائیں گے۔

بعد ازاں رواں برس جون میں کمپنی نے اس نئے فیچر کو محدود پیمانے پر آزمانے کا کام بھی شروع کیا تھا۔

جون 2019 میں خبر سامنے آئی تھی کہ کمپنی نے امریکا اور یورپ کے کچھ صارفین کو واٹس ایپ اسٹیٹس کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کرنے کے فیچر تک رسائی دے دی ہے اور اس پر آزمائشی کام شروع کردیا گیا۔

تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ فیس بک نے واٹس ایپ اور انسٹاگرام کو ایک دوسرے سے ملانے کے ابتدائی کام کو مکمل کرلیا ہے اور جلد ہی کمپنی نئے فیچر کو متعارف کرادے گی۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ ’دی انفارمیشن‘ نے فیس بک سے منسلک تین عہدیداروں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ کمپنی نے فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام کو ایک دوسرے سے ملانے کے فیچر پر ابتدائی کام مکمل کرلیا۔

عہدیداروں کا کہنا تھا کہ ابتدائی کام مکمل ہونے کے بعد جلد ہی واٹس ایپ اور انسٹاگرام پر صارفین کو ان ہی ایپس پر رہتے ہوئے فیس بک استعمال کرنے کا فیچر دکھائی دینے لگے گا۔

اسی طرح فیس بک پر بھی صارفین کو وہی رہتے ہوئے واٹس ایپ اور انسٹاگرام کو استعمال کرنے کا فیچر دکھائی دے گا۔

عہدیداروں کا کہنا تھاکہ یہ فیچر واٹس ایپ، انسٹاگرام اور فیس بک پر آئیکون کی شکل میں نظر آئے گا اور اس فیچر کو ’انسٹاگرام فرام فیس بک‘ اور ’واٹس ایپ فرام فیس بک‘ کا نام دیا جائے گا۔

ان فیچرز کو استعمال کرتے ہوئے صارفین فیس بک پر رہتے ہوئے واٹس ایپ کے صارفین سے رابطہ کرنے سمیت ان کے ساتھ مواد کی شیئرنگ کر سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ صارفین کا ڈیٹا فیس بک سے شیئر کرنے کا اعلان

اسی طرح صارفین واٹس ایپ پر رہتے ہوئے فیس بک کو استعمال کرسکیں گے۔

اس وقت فیس بک کو استعمال کرتے وقت صارفین کو واٹس ایپ بند کرنا پڑتا ہے اور انسٹاگرام پر جانے کے لیے انہیں فیس بک کو بھی خیرباد کہنا پڑتا ہے۔

تاہم نئے فیچر آنے کے بعد صارفین فیس بک پر رہتے ہوئے واٹس ایپ اور انسٹاگرام کو ایک ساتھ استعمال کرسکیں گے۔ جب کہ واٹس ایپ پر رہتے ہوئے فیس بک کو استعمال کرسکیں گے۔

تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ واٹس ایپ پر رہتے ہوئے صارفین انسٹاگرام بھی استعمال کرسکیں گے یا نہیں۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ فیس بک انتطامیہ ان نئے فیچرز کو آئندہ چند ہفتوں میں شامل کرنے کے بعد اس فیچر کی آزمائش شروع کردے گی۔

ابتدائی طور پر اس فیچر کو امریکی و یورپی صارفین میں آزمائے جانے کا امکان ہے جس کے بعد اس فیچر کو ایشیا میں آزمایا جائے گا اور ممکنہ طور پر رواں برس کے اختتام یا پھر نئے سال کے آغاز پر اس فیچر کو مکمل طور پر متعارف کرایا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں