اسپیکر قومی اسمبلی سمیت سیاستدانوں کا بھارتی جارحیت پر اظہار مذمت

03 اگست 2019
وادی نیلم میں 30  31 جولائی کی درمیانی شب کو بھارتی فورسز نے شیلنگ کے دوران کلسٹر بم کا استعمال کیا—فوٹو: آئی ایس پی آر
وادی نیلم میں 30 31 جولائی کی درمیانی شب کو بھارتی فورسز نے شیلنگ کے دوران کلسٹر بم کا استعمال کیا—فوٹو: آئی ایس پی آر

اسپیکر قومی اسمبلی، ڈپٹی اسپیکر، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سمیت سیاست دانوں نے آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں بھارتی افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی پر کلسٹر بموں کے استعمال پر شدید الفاظ میں مذمت کی۔

قومی اسمبلی کے میڈیا سیل سے جاری اعلامیے میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے بھارتی اشتعال انگیزی کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں اور املاک کے نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا 'آپریشن'، 2 نوجوان شہید

اسد قیصر اور قاسم خان سوری نے بھارتی جارحیت کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔

واضح رہے کہ 30 اور 31 جولائی کی درمیانی شب کو وادی نیلم پر بھارتی فورسز نے شیلنگ کے دوران کلسٹر بم کا استعمال کیا جس کے باعث ایک 4 سالہ بچے سمیت 2 شہری شہید جبکہ 11 زخمی ہوگئے تھے، جن کی حالت تشویش ناک ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فورسز نے کلسٹر بم کا استعمال کرتے ہوئے عام شہریوں کو نشانہ بنایا جو جنیوا اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

اس ضمن میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی کامیاب خارجہ پالیسی اور سفارت کاری سے پریشان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت نے کنٹرول لائن پر کلسٹر بم سے شہریوں کو نشانہ بنایا، پاک فوج

اسد قیصر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بھارت کی جانب سے کلسٹربم کے استعمال اور جنیوا کنونش کی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر عالمی مسئلہ بن چکا ہے اس کو حل کیے بغیر خطے میں امن کا قیام مشکل ہے۔

کلسٹر بم کا استعمال بھارتی جنگی جنون کا غماز ہے، ڈپٹی اسپیکر

ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ بھارت کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزیاں کر رہا ہے ایسے میں عالمی برادی کو کشمیریوں پر کیے جانے والے مظالم کا نوٹس لینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی طرف آنا ہو گا جس کی عالمی برادی بھی حمایت کر چکی ہے۔

ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ تاہم کلسٹر بم کا استعمال بھارتی جنگی جنون کا غماز ہے۔

عالمی ادارے اور تنظیمیں معاملے کا نوٹس لیں، مولانا فضل الرحمٰن

جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے بھی لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کی مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پر کلسٹر بم گرا کر کھلے عام خلاف ورزی کررہی ہے ایسے میں عالمی اداروں اور تنظیموں کو اس معاملے کا نوٹس لینا چاہیے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔

بھارت کو مذاکرات کی میز پر آنا ہو گا, چیئرمین کشمیر کمیٹی

کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام نے وادی نیلم میں شہری آبادی پر کلسٹر بم گرانے پر شدید الفاظ میں مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ نئی دہلی کو مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے مذاکرات کی میز پر آنا پڑے گا اور امریکی صدر کا ایک بار پھر مسئلہ کشمیر پر ثالثی کے کردار کو دہرانا پاکستان کی سفارتی کامیابی کا غماز ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیر میں بھارتی فوجی کی خود کشی

سید فخر امام کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزیاں کر کے خطے کو جنگ کی طرف لے جا رہا ہے۔

انہوں نے بھارتی اشتعال انگیزی کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں اور املاک کے نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر نے عالمی برادی سے بھارت کی جانب سے کلسٹر بم کے استعمال اور جنیوا کنونش کی خلاف ورزی پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

مقبوضہ جموں کشمیر کی آبادی میں تبدیلی خطرناک سازش ہے، شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے حکومت سے ان کیمرا سیشن بلانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اس سنگین صورت حال پر ایوان کو اعتماد میں لیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پارلیمان کو اعتماد میں لے، قومی حکمت عملی مرتب کی جائے اور معاملہ سلامتی کونسل میں اٹھایا جائے۔

انہوں نے بھارت کی جانب سے کلسٹر بم استعمال کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

یہ بھی پڑھیں: برہان وانی کی تیسری برسی پر آزاد کشمیر میں ریلیوں کا انعقاد

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی آگ سے کھیل رہے ہیں جبکہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت آرٹیکل 35 اے کو ختم کرنا اور جنوبی ایشیا میں ایٹمی جنگ کو دعوت دینا حماقت ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر کی آبادی میں تبدیلی خطرناک سازش ہے اور ہر کشمیری اور پاکستانی اس سازش کو مسترد کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے

شبہاز شریف نے بھارتی شیلنگ سے معصوم بچوں، خواتین اور دیگر افراد کے زخمی ہونے پر دلی دکھ کا اظہار کیا۔

کلسٹر بم سے نشانہ بنانا نہایت بزدلانہ فعل ہے، سینیٹر طلحہ محمود

چیئرمین قائمہ کمیٹی کابینہ سیکریٹریٹ سینیٹر محمد طلحہ محمود نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کی شدیدمذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا معصوم کشمیریوں کو کلسٹر ٹوائے بم سے نشانہ بنانا نہایت بزدلانہ فعل ہے۔

سینیٹر محمد طلحہ محمود نے اقوام متحدہ اور او آئی سی سے بھارتی جارحیت کا فوری نوٹس لینے اور مسئلہ کشمیر کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں