حق پر کھڑی قوم کو کوئی سازش شکست نہیں دے سکتی، فردوس عاشق اعوان

اپ ڈیٹ 05 اگست 2019
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول تک ان کی حمایت جاری رکھے گا — فائل فوٹو/ڈان نیوز
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول تک ان کی حمایت جاری رکھے گا — فائل فوٹو/ڈان نیوز

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت پوری قوت سے جاری رکھے گا۔

انہوں نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں عوام پر مظالم پر اسے خبردار کیا اور کہا کہ 'بھارت نہ بھولے کہ حق پر کھڑی قوم کو کوئی بندوق، کوئی ظلم اور کوئی سازش شکست نہیں دے سکتی'۔

واضح رہے کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ وادی میں 10 ہزار اضافی فوج تعینات کرنے کا اعتراف کیا تھا جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق مزید 25 ہزار فوجی بھی طلب کیے گئے ہیں۔

اس سے قبل مقبوضہ کشمیر میں میبنہ ‘دہشت گردی’ کے خطرے کے پیش نظر بھارتی حکومت نے وارننگ جاری کی تھی جس کے بعد غیر ملکیوں اور غیر مقامی طلبا سمیت ہزاروں سیاحوں نے ہنگامی طور پر واپسی کے سفر کا آغاز کردیا تھا۔

بھارتی حکومت نے گزشتہ روز تمام سیاحوں کو وادی چھوڑنے کی ہدایت کی تھی جس کے بعد کشمیریوں اور غیرملکی سیاحوں میں خوف پھیل گیا تھا جبکہ بھارتی فورسز کی جانب سے آزاد کشمیر کے ساتھ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وادی نیلم میں کلسٹربم گرائے گئے تھے۔

مزید پڑھیں: او آئی سی کا کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر اظہار تشویش

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'کشمیریوں کا قتل عام مہذب دنیا کا امتحان ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'بھارت ظلم و جبر سے کشمیریوں کا جمہوری حق استصواب رائے کچل نہیں سکتا'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'کشمیریوں کا ساتھ دے کر عالمی برادری کو جمہوریت سے اپنی وابستگی کا عملی ثابت دینا ہوگا'۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ 'او آئی سی کا مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کرنا ظالم اور قانون شکن بھارت کی ایک اور شکست ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'مظلوم کشمیریوں کی حمایت کے اعادہ پر او آئی سی کا شکریہ ادا کرتے ہیں جس نے ایک بار پھر دنیا کو کشمیریوں کے جائز، قانونی اور جمہوری حق کی طرف متوجہ کیا ہے'۔

دوسری جانب دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے بھی ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ او آئی سے نے کشمیر میں بھارتی مظالم پر گہری تشویوش کا اظہار کیا ہے۔

او آئی سی کا تشویش کا اظہار

خیال رہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی ) نے مقبوضہ اور آزاد کشمیر میں بگڑتی ہوئی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔

او آئی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورت حال سمیت مقبوضہ کشمیر میں پیراملٹری فورسز کی تعیناتی اور بھارتی فوج کی جانب سے شہریوں کو ممنوعہ کلسٹر بموں سے نشانہ بنائے جانے پر اسلامی تعاون تنظیم کو انتہائی تشویش ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی، صدارتی فرمان جاری

بیان میں او آئی سی نے بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

اسلامی تعاون تنظیم نے بھارت کے زیر تسلط کشمیر اور آزاد کشمیر کے عوام کے ساتھ یک جہتی کا اظہار بھی کیا۔

او آئی سی نے عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر کے پر امن حل میں ذمہ داری ادا کرنے کا مطالبہ دہرایا اور کہا کہ یہ مسئلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کی خواہش کے تحت جمہوری طریقے سے حل کیا جائے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں