خطے میں بڑھتی کشیدگی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 485 پوائنٹس کی کمی

اپ ڈیٹ 06 اگست 2019
مارکیٹ میں مندی کے باعث مقامی فروخت پر دباؤ رہا—فوٹو: پاکستان اسٹاک ایکسچینج
مارکیٹ میں مندی کے باعث مقامی فروخت پر دباؤ رہا—فوٹو: پاکستان اسٹاک ایکسچینج

مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورتحال کے باعث خطے میں بڑھتی کشیدگی کے اثرات پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) پر بھی پڑنے لگے اور پیر کو کے ایس ای 100 انڈیکس میں 485 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں پیر کو شروع ہونے والے ہفتے کا آغاز منفی رجحان سے ہوا اور ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس ڈیڑھ فیصد کمی سے 30 ہزار 979 کی سطح پر بھی گیا جو بعد میں 31 ہزار 181 پوائنٹس پر بند ہوا۔

مارکیٹ کے آغاز کے دوران انڈکیس 31 ہزار 666 کی سطح پر تھا تاہم دن بھر یہ رجحان برقرار نہیں رہ سکا۔

مزیدپڑھیں: بھارتی اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی، 5 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی

ٹریڈنگ کے دوران مجموعی طور پر ایک ارب 80 کروڑ روپے مالیت کے 5 کروڑ 20 لاکھ شیئرز کی خرید و فروخت دیکھی گئی۔

دوسری جانب جے ایس گلوبل سیکیورٹیز کی رپورٹ کے مطابق 'پاکستان اور بھارت کے درمیان لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بڑھتی کشیدگی اور بھارت کا مقبوضہ کشمیر کی حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 کے خاتمے کے فیصلے کے بعد دونوں ممالک کے اپنی سیکیورٹی میں اضافہ کیا، جس کے تناظر میں علاقائی منڈیوں میں مقامی سطح پر فروخت کا دباؤ جاری رہا'۔

رپورٹ کے مطابق مارکیٹ میں منفی رجحان کے باعث شیئرز میں بھی کمی ہوئی اور مارکیٹ کے اختتام تک بڑے بینک ایچ بی ایل (2.1 فیصد)، ایم سی بی (منفی 2.7 فیصد) اور یو بی ایل (منفی 5 فیصد) منفی رجحان کے اثر میں رہے۔

یہی نہیں بلکہ اینرجی اسٹاکس میں بھی یہی صورتحال رہی اور پی پی ایل (منفی 2.3 فیصد)، پی او ایل (منفی 1.5 فیصد) اور او جی ڈی سی (منفی 1.1 فیصد) پر بند ہوئے'۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی

جے ایس رپورٹ کے مطابق سیمنٹ کے شعبے میں لکی (0.9 فیصد)، ایف سی سی ایل (منفی 1.6 فیصد)، ڈی جی کے سی (منفی 0.9 فیصد) اور ایم ایل سی ایف (منفی 1.1 فیصد) کم ہوئے۔

پاکستان کے ڈالر بانڈ کی قدر میں تنزلی

بھارتی حکومت کی جانب سے مسلمان اکثریتی خطے کشمیر کی خصوصی حیثیت واپس لینے کے بعد پاکستان کے ڈالر بانڈ میں بھی تنزلی آئی۔

حالیہ دنوں میں مسئلہ کشمیر پر کشیدگی میں اضافے کے بعد بانڈز دباؤ کا شکار تھے تاہم بھارت کے حالیہ اقدام کے بعد اس میں مزید تنزلی آئی جہاں پاکستان کا 2027 ایشو ڈالر میں 1.7 فیصد کمی کے ساتھ ایک مہینے کی کم ترین سطح پر آگیا۔

تبصرے (0) بند ہیں