باجوڑ: دھماکے میں 2 سیکیورٹی اہلکار شہید، 4 زخمی

اپ ڈیٹ 06 اگست 2019
حکام کے مطابق پیٹرولنگ پر مامور سیکیورٹی اہلکاروں کی گاڑی سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم کی زد میں آگئی — فائل فوٹو/ڈان
حکام کے مطابق پیٹرولنگ پر مامور سیکیورٹی اہلکاروں کی گاڑی سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم کی زد میں آگئی — فائل فوٹو/ڈان

خار: قبائلی ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموند میں سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم کے دھماکے کے نتیجے میں ایک افسر سمیت 2 فوجی جوان شہید اور 4 زخمی ہوگئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اہلکار معمول کے مطابق علاقے میں گشت کر رہے تھے کہ 7 بجے کے قریب نیاگا باندا کے علاقے میں ان کی گاڑی کو سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا۔

خیال رہے کہ باجوڑ کے ہیڈ کوارٹر خار سے نیاگا باندا کا علاقہ 20 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع ہے۔

مزید پڑھیں: چمن میں دھماکا، قبائلی رہنما 2 محافظوں سمیت جاں بحق

دھماکے کے فوری بعد مقامی افراد جائے وقوع پر پہنچے اور ریسکیو کے کام کا آغاز کیا۔

بعد ازاں سیکیورٹی فورسز اور باجوڑ لیویز کے اہلکاروں نے علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز کیا۔

حکام کا کہنا تھا کہ دھماکے میں ایک افسر، میجر ثاقب اور ایک سپاہی، معروف شہید ہوئے جبکہ 4 جوان زخمی ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: باجوڑ ایجنسی: ریموٹ کنٹرول بم کا دھماکا، رکن امن کمیٹی جاں بحق

ان کا کہنا تھا کہ 'زخمیوں کی شناخت عارف، سہیل، عمران اور نیاز کے نام سے ہوئی، جنہیں فوری پر ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا'۔

انہوں نے مزید بتایا کہ شہید اہلکاروں کی لاشوں کو ان کے آبائی علاقوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔

خیال رہے فوری طور پر دھماکے کی ذمہ داری کسی بھی تنظیم یا گروہ نے قبول نہیں کی۔

تبصرے (0) بند ہیں