پاکستان کا 'سمجھوتہ ایکسپریس' بند کرنے کا اعلان

اپ ڈیٹ 08 اگست 2019
بھارت نے جو کچھ کیا وہ سوچی سمجھی سازش اور اس کا ایجنڈا ہے، شیخ رشید — فوٹو: ڈان نیوز
بھارت نے جو کچھ کیا وہ سوچی سمجھی سازش اور اس کا ایجنڈا ہے، شیخ رشید — فوٹو: ڈان نیوز

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارت کے غیر ذمہ دارانہ فیصلے پر سمجھوتہ ایکسپریس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ 'جب تک میں وزیر ریلوے ہوں سمجھوتہ ایکسپریس نہیں چل سکتی، یہ ٹرین ہفتے میں دو دن چلتی تھی، اب سمجھوتہ ایکسپریس کی بوگیاں عید کی چھٹیوں پر دیگر ٹرینوں میں لگائی جائیں گی۔'

انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر سے متعلق عالمی اداروں کی قرارداد کو تہہ و بالا کردیا، بھارت نے شملہ معاہدے کو بھی تہہ و بالا کر دیا، بھارت نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے معاہدے کی بھی خلاف ورزی کی ہے، ہم مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے سفاکانہ، ظالمانہ، مجرمانہ اور غیر ذمہ دارانہ فیصلے کی مذمت کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے جو کچھ کیا وہ سوچی سمجھی سازش اور اس کا ایجنڈا ہے، یہ بہت پرخطر سال ہوگا جس میں جنگ بھی ہو سکتی ہے، ہم کسی قیمت پر جنگ کی طرف نہیں جانا چاہتے لیکن کشمیریوں پر ہونے والے مظالم پر خاموش تماشائی نہیں بن سکتے جبکہ اگر جنگ مسلط کی گئی تو یہ آخری جنگ ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: پاک-بھارت کشیدگی، سمجھوتہ ایکسپریس سروس معطل

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ 'آر ایس ایس کی حکومت مسلمانوں کی دشمن ہے لیکن کشمیر کوئی مقبوضہ بیت المقدس نہیں ہے، نریندر مودی نے انتہائی غیر دانشمندانہ کام کیا، بعض سیاست دان ایسی غلطی کرتے ہیں جس سے تاریخ بدل جاتی ہے۔'

انہوں نے کہا کہ کشمیری اور پاکستان کا دل ایک ساتھ دھڑکتا ہے، پاک فوج نے کہا ہے ہم کشمیر کے لیے آخری حد تک جائیں گے، میں کشمیر کو اندر سے جانتا ہوں جبکہ مودی کی سیاست بابری مسجد سے شروع ہوئی اور سری نگر پر ختم ہوگی۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی گرفتاری سے متعلق وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو کیسز کی بنیاد پر چھوٹ نہیں مل سکتی اور ملکی دولت لوٹنے والوں کو ضرور سز ا ملے گی۔

تبصرے (1) بند ہیں

مراد Aug 08, 2019 05:03pm
مگر اس سے تو عوام کو نقصان ہوگا اور تقلیف پہنچے گی انڈیا گورنمنٹ کا کیا بگڑے گا