’حکومت پے درپے حماقتوں سے بی جے پی کو سیاسی فائدہ پہنچارہی ہے‘

اپ ڈیٹ 08 اگست 2019
مریم نواز کی گرفتاری سے کیا پیغام دیا جارہا ہے؟ شہباز شریف — فائل فوٹو: مسلم لیگ (ن)
مریم نواز کی گرفتاری سے کیا پیغام دیا جارہا ہے؟ شہباز شریف — فائل فوٹو: مسلم لیگ (ن)

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے مریم نواز کی گرفتاری پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت اپنی پے درپے حماقتوں سے بھارت کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو سیاسی فائدہ پہنچا رہی ہے۔

پارٹی کی نائب صدر مریم نواز کی گرفتاری کے بعد شہباز شریف کی جانب سے جاری بیان میں انہوں نے مریم نواز کی گرفتاری کی شدید مذمت کی۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے مریم نواز کی گرفتاری پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی انتقام میں اندھی حکومت میں نہ ظرف ہے اور نہ ہی اتنی دانا کہ معاملات کی نزاکت کو سمجھے۔

انہوں نے سوال کیا کہ عید سے قبل مریم نواز کی گرفتاری سے کیا پیغام دیا جارہا ہے؟

مزید پڑھیں: چوہدری شوگر ملز کیس: نیب نے مریم نواز کو گرفتار کرلیا

لیگی صدر کا کہنا تھا کہ میں قوم کو مسلسل خبردار کر رہا ہوں کہ اگر جھوٹ کی ترجمانی بند نہ ہوئی تو ایک بڑا حادثہ ہوگا کیونکہ تاریخ کے دوراہے پر کھڑی قوم کو ایک نالائق حکمران تباہی کی جانب لے جارہا ہے۔

انہوں نے پی ٹی آئی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے محاذ پر قوم کی رسوائی کا باعث بننے والی حکومت اپنی پے درپے حماقتوں سے بی جے پی کو سیاسی فائدہ پہنچارہی ہے۔

شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ مریم نواز کو اس لیے گرفتار کیا گیا کیونکہ وہ کشمیریوں کے حق میں ریلیاں اور جلسے کر رہی تھیں، تاہم وزیر اعظم عمران خان اپوزیشن فتح کرنے کے بجائے مسئلہ کشمیر پر قومی مفادات کی حفاظت پر توجہ دیں۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے پاکستانی حکومت کو بھارتی حکومت سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ ’مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فوج کشمیریوں کو آواز بلند کرنے سے روک رہی ہے، عمران خان پاکستان میں اپوزیشن کو کشمیریوں کے حق میں سرگرمیوں سے روک رہے ہیں۔‘

یہ بھی دیکھیں: پارلیمنٹ کے باہر اپوزیشن اور حکومتی اراکین کی نعرے بازی

انہوں نے کہا کہ ’مریم نوازشریف کی گرفتاری اس بات کا ثبوت ہے کہ وزیر اعظم ایک نہتی لڑکی سے کس قدر خوفزدہ ہے۔‘

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور اس کے نواسوں کے سامنے مریم نواز کی گرفتاری انتہائی قابل مذمت، قابل افسوس اور شرمناک عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ جھوٹ اور سیاسی انتقام کی بنیاد پر مریم نواز شریف کی بلاجواز گرفتاری غلط موقع پر سراسر غلط اقدام ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ یہ کیسا احتساب ہے کہ گرفتاری بعد میں ہوتی ہے جبکہ خبر پہلے ہی آجاتی ہے، نیازی حکومت ایسی اوچھی حرکتوں سے نواز شریف اور اس کے ساتھیوں کو نہیں جھکا سکتی۔

یہ میری بہن کی بھی گرفتاری چاہتے ہیں، آصف زرداری

سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے بھی مریم نواز کی گرفتاری کی مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ بات نکلے گی تو دور تک جائے گی، یہ کل میری بہن کو بھی گرفتار کرنا چاہتے ہیں۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ان کے گھروں میں بھی ماں اور بہنیں موجود ہیں، انہیں بھی خواتین کی عزت کرنی چاہیے۔

سابق صدر نے کہا کہ آج یہ ہماری خواتین کو گرفتار کر رہے ہیں کل کو ان کے گھر کی خواتین بھی گرفتار ہوں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں