نوکیا کا بیسک فیچر فون 105 پاکستان میں دستیاب

اپ ڈیٹ 08 اگست 2019
نوکیا 105 — فوٹو بشکریہ نوکیا
نوکیا 105 — فوٹو بشکریہ نوکیا

نوکیا کا مقبول ترین بیسک موبائل فون نوکیا 105 (2019) پاکستان میں فروخت کے لیے پیش کردیا گیا ہے۔

ڈوئل سم کے ساتھ متعارف کرائے جانے والے فون میں وہ سب کچھ ہے جو نوکیا کے فیچر فونز میں ہوتے ہیں، خصوصاً بیٹری جو ایک چارج پر کئی دن تک کام کرسکتی ہے۔

اس فون میں 1.77 انچ کلر اسکرین دی گئی ہے جس کے ساتھ ایل ای ڈی ٹارج لائٹ اور کلاسیک اسنیک گیم موجود ہے۔

خیال رہے کہ نوکیا 105 (2015) پاکستان میں بہت مقبول ہوا تھا خصوصاً ان افراد میں، جو اسمارٹ فونز کو زیادہ پسند نہیں کرتے یا کوئی اسمارٹ ڈیوائس کے ساتھ کوئی سستا فون استعمال کرنا پسند کرتے ہیں۔

نوکیا 105 (2019) میں پہلے کے مقابلے میں اب زیادہ اسکرین کا سائز چھوٹا کیا گیا ہے کیونکہ 2017 کے ماڈل میں 1.8 انچ اسکرین دی گئی تھی تاہم فیچرز کے لحاظ سے یہ لگ بھگ پرانے ماڈل جیسا ہی ہے۔

کمپنی کے مطابق اس فون کو ایسے صارفین کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے جو پہلی بار موبائل فون استعمال کررہے ہوں۔

فوٹو بشکریہ نوکیا
فوٹو بشکریہ نوکیا

اس میں 800 ایم اے ایچ بیٹری ہے جو کہ 15 گھنٹے سے زائد ٹاک ٹائم اور 25 دن سے زیادہ کا اسٹینڈ بائی ٹائم دیتی ہے۔

اس کا کی بورڈ بھی دوبارہ ری ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ صارفین کو استعمال میں آسانی ہو۔

اس میں 500 میسجز اور دو ہزار کانٹیکٹس کو بھی محفوظ کیا جاسکتا ہے۔

چارجنگ کے لیے مائیکرو یو ایس بی پورٹ دی گئی ہے اور ایف ایم ریڈیو بھی موجود ہے، جبکہ یہ ڈوئل سم ورژن میں دستیاب ہوگا۔

اس فون میں صارفین کے لیے 6 گیمز رکھی گئی ہیں جن میں ٹیٹریز، اسکائی گفٹ، ائیر اسٹرائیک، نائٹرو ریسنک، ننجا اپ اور ڈینجر ڈیش شامل ہیں۔

بلیو، پنک اور بلیک رنگوں میں دستیاب اس فون کی قیمت 2850 روپے رکھی گئی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں