سام سنگ کا پہلے سے بہتر لیپ ٹاپ گلیکسی بک ایس

08 اگست 2019
سام سنگ گلیکسی بک ایس — فوٹو بشکریہ سام سنگ
سام سنگ گلیکسی بک ایس — فوٹو بشکریہ سام سنگ

سام سنگ نے اپنا نیا لیپ ٹاپ گلیکسی بک ایس متعارف کرادیا ہے۔

13.3 انچ کے ڈسپلے والے لیپ ٹاپ کی تیاری کے لیے سام سنگ نے مائیکرو سافٹ اور کوالکوم کے ساتھ اشتراک کیا۔

گزشتہ شب گلیکسی نوٹ 10 کے ساتھ اس لیپ ٹاپ کو متعارف کرایا گیا جس میں گیگابٹ ایل ٹی کنکٹویٹی، ونڈوز 10 اور کوالکوم اسنیپ ڈراگون 8 سی ایکس کمپیوٹ پلیٹ فارم دیا گیا ہے۔

اس موقع پر مائیکرو سافٹ کے سی ای او کا کہنا تھا کہ اس اشتارک کا مقصد لوگوں کو زیادہ مواقع فراہم کرنا ہے جبکہ گلیکسی نوٹ 10 اور گلیکسی بک ایس مستقبل کی ڈیوائسز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ تو بس آغاز ہے، اس اشتراک سے ہم موبائل کمپیوٹنگ کو صارفین تک پہنچانے کے لیے پرجوش ہیں۔

دونوں کمپنیوں کی شراکت داری کے بعد مائیکروسافٹ کی بہترین ایپس اور سروسز کو سام سنگ کے نئے گلیکسی نوٹ 10 میں بھی دیا گیا ہے۔

جہاں تک گلیکسی بک ایس کی بات ہے تو اس میں ٹچ ٹو ویک فیچر انسٹنٹ ایسسز کے لیے دیا گیا ہے، ڈسپلے میں 10 پوائنٹ ملٹی ٹچ موجود ہے جو اسکرول، زوم اور ڈیوائس کو صرف ایک انگلی کی مدد سے کنٹرول کرنے میں مدد دیتا ہے۔

یہ دنیا کا پہلا 7 نانومیٹر لیپ ٹاپ ہے جو کہ کوالکوم کی موبائل کمپیوٹنگ سے لیس ہے۔

اس میں 8 جی بی ریم جبکہ 256 سے 512 جی بی اسٹوریج دی جائے گی جبکہ مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے اسٹوریج کو ایک ٹی بی تک بڑھایا جاسکے گا۔

اس کا وزن ایک کلو سے بھی کم ہے جس کی سی پی یو پرفارمنس گلیکسی بک 2 سے 40 فیصد جبکہ گرافکس پرفارمنس 80 فیصد بہتر ہے۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس کی بیٹری لائف بہت اچھی ہے اور صرف ایک چارج پر اسے مسلسل 23 گھنٹے ویڈیو دیکھنے کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اس کی قیمت 999 ڈالرز (ایک لاکھ 59 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) ہوگی اور یہ ستمبر میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں