کیا آپ نے شاہ رخ خان کا عالیشان 'منت' دیکھا ہے؟

اپ ڈیٹ 09 اگست 2019
شاہ رخ خان نے 1995 میں یہ گھر خریدا —فوٹو/ اسکرین شاٹ
شاہ رخ خان نے 1995 میں یہ گھر خریدا —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ میں بادشاہ کہلائے جانے والے شاہ رخ خان نے اپنے پورے کیریئر ہندی سینما انڈسٹری پر راج کیا ہے اور وہ صرف اپنی بہترین اداکاری ہی نہیں بلکہ اپنے شاہانہ انداز کے حوالے سے بھی جانے جاتے ہیں۔

شاہ رخ خان کا ممبئی میں موجود گھر بھی ہمیشہ سے صرف مداحوں کی ہی نہیں بلکہ بولی وڈ کے دیگر اسٹارز کی توجہ کا مرکز رہا ہے۔

مداح ہمیشہ سے ہی شاہ رخ اور گوری خان کے اس خوبصورت گھر کا نظارہ دیکھنے کے خواہش مند رہے، اس کی ایک بڑی مثال یہی ہے کہ سالوں سے کنگ خان کے گھر کے باہر ان کے مداحوں کی بھیڑ لگی رہتی ہے جو نہ صرف اداکار سے ملاقات کرنے کے خواہش مند ہوتے بلکہ ان کا گھر بھی دیکھنا چاہتے ہیں۔

اور اب گوری خان نے خود ایک نئے فوٹو شوٹ کے ذریعے مداحوں کو اپنے گھر منت کا ایک دورہ کروادیا۔

گوری خان نے ووگ انڈیا کے ساتھ ایک فوٹو شوٹ کیا جس میں انہوں نے اپنے گھر کی تصاویر شیئر کی جو انہوں نے خود ڈیزائن کیا ہے۔

خیال رہے کہ کنگ خان نے اپنے گھر کو 'منت' کا نام دیا، جو ان کے مطابق واقعی ان کی منت ہی ہے، کیوں کہ کیریئر کے آغاز میں شاہ رخ خان نے خود سے وعدہ کیا تھا کہ ایک دن وہ ممبئی میں ایسا گھر بنائیں گے جو بےحد شاندار ہوگا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ شاہ رخ خان کا یہ گھر ان کی اہلیہ گوری خان نے ہی ڈیزائن کیا جو پیشے سے انٹیریئر ڈیزائنر بھی ہیں۔

شاہ رخ خان نے کئی سال قبل اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ شادی کے بعد انہوں نے گوری سے وعدہ کیا تھا کہ وہ ایک دن انہیں یہ گھر تحفے میں دیں گے جسے وہ اپنی پسند سے ڈیزائن کرسکیں گی۔

اداکار کا گھر جتنا خوبصورت اور عالیشان باہر سے نظر آتا ہے اتنا ہی شاندار یہ اندر سے بھی ہے۔

اس بنگلے میں فلمیں دیکھنے کے لیے ایک الگ تھیٹر روم بھی موجود ہے، جہاں شاہ رخ اکثر و بیشتر اپنے دوستوں کو فلموں کی اسکریننگ کے لیے مدعو کرتے ہیں۔

شاہ رخ خان نے اپنے پورے کیریئر میں کئی ایوارڈز بھی وصول کیے اور ان انعامات کے لیے بھی 'منت' میں ایک خصوصی کمرہ موجود ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ماضی میں اس بنگلے کا نام وِلا وینا رکھا گیا تھا، رپورٹس کے مطابق بولی ود اسٹار شاہ رخ خان نے 1995 میں اس بنگلے کو 15 کروڑ بھارتی روپے میں خریدا تاہم آج اس کی مالیت تقریباً 200 کروڑ بھارتی روپے بتائی جاتی ہے۔

یہ گھر ممبئی کے پوش علاقے باندرا میں واقع ہے جو مقامی افراد کے ساتھ ساتھ سیاحوں کی توجہ کا بھی مرکز بنا رہتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں