زلفی بخاری کی تارکین وطن سے 15 اگست کو بھارتی سفارتخانوں کے باہر احتجاج کرنے کی اپیل

اپ ڈیٹ 11 اگست 2019
زلفی بخاری کے مطابق 15 اگست کو وہ خود لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاج کریں گے — ڈان نیوز/فائل فوٹو
زلفی بخاری کے مطابق 15 اگست کو وہ خود لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاج کریں گے — ڈان نیوز/فائل فوٹو

اسلام آباد: حکومت نے بیرون ملک مقیم مستحق پاکستانیوں کو صحت کارڈ فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے تارکین وطن سے اپیل کی ہے کہ 15 اگست کو بھارت کی آزادی کے دن، وہ دنیا بھر میں قائم بھارتی سفارتخانوں کے باہر احتجاج کریں۔

یہ اپیل وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے تارکین وطن زلفی بخاری نے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ 14 اگست کو پاکستان کی آزادی کے دن کے ساتھ کشمیری عوام سے یوم یکجہتی کا دن بھی منایا جائے گا جبکہ 15 اگست کو بھارت کے مقبوضہ کشمیر سے اس کی خصوصی حیثیت واپس لینے کے فیصلے کے خلاف احتجاج کے طور پر یوم سیاہ منایا جائے گا۔

مزید پڑھیں: متحدہ عرب امارات کا تارکین وطن کو مستقل رہائش دینے کا فیصلہ

انہوں نے کہا کہ 'میں بیرون ملک میں رہا ہوں مجھے معلوم ہے کہ وہاں احتجاج کی کتنی اہمیت ہوتی ہے اور تمام تارکین وطن پاکستانیوں سے میری اپیل ہے کہ 15 اگست کو بھارتی ہائی کمیشن یا سفارتخانے کے باہر احتجاج کریں'۔

زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ 'تارکین وطن پاکستانیوں کو انسانی حقوق کے معاملے پر اپنے دوستوں کو بھی اس احتجاج میں شرکت کی دعوت دینی چاہیے'۔

انہوں نے بتایا کہ وہ خود بھی 15 اگست کو لندن میں قائم بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاج میں شرکت کریں گے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے اعلان کیا کہ وہ بیرون ممالک مقیم پاکستانی مزدوروں اور ان کے پاکستان میں موجود اہلخانہ کو صحت سہولت پروگرام میں شامل کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کا تارکین وطن کو ’گرین کارڈ‘ دینے کا فیصلہ

ان کا کہنا تھا کہ 'تارکین وطن پاکستانی مزدور بیرون ممالک میں دن رات کام کرتے ہیں اور اپنا قیمتی پیسہ اپنے وطن بھیجتے ہیں جو غیر ملکی زرمبادلہ کا اہم ذریعہ ہے، اب وقت ہے کہ ہم بھی انہیں سماجی تحفظ فراہم کریں'۔

انہوں نے کہا کہ 'اوورسیز پاکستانیوں کو صحت انصاف کارٖڈ کی فراہمی کے سلسلے میں دو وزارتوں کے درمیان انوکھا تعاون ہوگا اور اس اقدام کے تحت وزارت صحت اور وزارت تارکین وطن پاکستانی، بیرون ممالک میں مقیم پاکستانی مزدوروں اور ان کے اہلخانہ کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کام کریں گے'۔

ان کا کہنا تھا کہ اسکیم 15 اکتوبر کو متعارف کرائی جائے گی اور اس سے بیرون ممالک میں مقیم پاکستانی مزدور فائدہ اٹھاسکیں گے جو حال ہی میں حکومت کی سماجی تحفظ کی فہرست میں شامل ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پرانے مزدوروں کو سیلف فنانس کے تحت صحت کارڈ کا اجرا کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں