آرٹیکل 370 کی منسوخی: بھارتی وزیر خارجہ کشیدگی کم کرنے کیلئے بیجنگ روانہ

اپ ڈیٹ 12 اگست 2019
چین نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کیا تھا: فائل فوٹو/ ڈان نیوز
چین نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کیا تھا: فائل فوٹو/ ڈان نیوز

بھارت کے وزیر خارجہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے معاملے پر چین کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کے لیے تین روزہ دورے پر بیجنگ روانہ ہوگئے۔

واضح رہے کہ بیجنگ نے نئی دہلی کی جانب سے آرٹیکل 370 کی منسوخی پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت نے چین کی سرحدی خودمختاری پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی ہے۔

مزیدپڑھیں: بھارت نے ہواوے پر پابندی لگائی تو سنگین نتائج کیلئے تیار ہوجائے، چین

ڈی ڈبلیو میں شائع رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ ایس جے شنکر کا دورہ چین سے قبل پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بیجنگ کا دورہ کیا تھا۔

شاہ محمود قریشی نے بیجنگ میں اپنے چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات میں آرٹیکل 370 کے خاتمے پر رونما ہونے والی حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

بعدازاں چین کے وزیر خارجہ نے اعلان کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے معاملے میں عالمی سطح پر پاکستان کی حمایت کریں گے۔

دوسری جانب اسلام آباد نے کہا تھا کہ بیجنگ کی حمایت سے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں مسئلہ کشمیر اٹھائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: آرٹیکل 370 کا خاتمہ: چین نے بھارتی اقدام ملکی خودمختاری کے منافی قرار دے دیا

دوسری جانب دی ہندو میں شائع رپورٹ کے مطابق بھارت کے وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ آرٹیکل 370 کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے پر الجھن کا شکار نہیں ہوں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ آرٹیکل 370 کی منسوخی سے مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی کا خاتمہ ہوگا اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

واضح رہے کہ مسئلہ کشمیر میں چین بھی ایک اہم فریق کی حیثیت رکھتا ہے اور پاکستان اور تبت کے درمیان بدھ مت اکثریت کا حامل لداخ کا علاقہ اسٹریٹیجک اہمیت کا حامل ہے۔

چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چنینگ نے منگل کو اپنے بیان میں کہا تھا کہ چین نے بھارت کے ساتھ سرحد کے مغربی حصے میں چینی حدود میں بھارتی مداخلت کی ہمیشہ مخالفت کی ہے۔

انہوں نے واضح کیا تھا کہ بھارت کی جانب سے یکطرفہ طور پر قوانین میں تبدیلی چین کی سرحدی خود مختاری اور سالمیت کی خلاف ورزی ہے جو بالکل ناقابل قبول ہے۔

مزیدپڑھیں: بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی، صدارتی فرمان جاری

چینی وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر چین کو سخت تشویش ہے۔

چین نے پاکستان اور بھارت سے مطالبہ کیا تھا کہ خطے کے استحکام اور امن کے لیے مذاکرات کے ذریعے پرامن طریقے سے اس تنازع کو حل کریں اور کسی بھی قسم کی ایسی صورتحال سے گریز کریں جس سے سرحد کا مسئلہ مزید پیچیدہ ہو۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں