ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے

اپ ڈیٹ 12 اگست 2019
اسلام آباد کی لال مسجد میں شہری عید کی نماز ادا کر رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
اسلام آباد کی لال مسجد میں شہری عید کی نماز ادا کر رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے جہاں ملک بھر میں مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی میں مصروف ہیں۔

اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومت کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نمازِ عید کی ادائیگی کے لیے ہزاروں روح پرور اجتماعات منعقد کیے گئے۔

مزید پڑھیں: غلاف کعبہ کی تبدیلی کے روح پرور مناظر

پاکستان بھر میں نماز فجر کے بعد عیدگاہوں، مساجد اور میدانوں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے جس میں ملکی ترقی اور سلامتی کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اقبال ظفر جھگڑا نے مظفر آباد میں نماز عید ادا کی۔

ملک بھر میں نماز عید کے ہزاروں چھوٹے اور بڑے اجتماعات منعقد ہوئے اور اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی فورسز کے سامنے کشمیریوں کے آزادی کے نعرے

پاکستان بھر میں بارشوں کے سبب لوگوں کو نماز عید کی ادائیگی اور جانوروں کی قربانی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور اکثر مقامات پر عید گاہوں میں پانی بھر جانے کے سبب مساجد کے اندر ہی عید کی نماز ادا کی گئی۔

نماز عید کی ادائیگی کے بعد شہر شہر، گاؤں گاؤں سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کی جارہی ہے۔

نماز عید کی ادائیگی کے بعد مسلمانان پاکستان سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی میں مصروف ہیں— فوٹو: اے ایف پی
نماز عید کی ادائیگی کے بعد مسلمانان پاکستان سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی میں مصروف ہیں— فوٹو: اے ایف پی

ملک بھر میں بارشوں کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قربانی کے جانوروں کی باقیات کو تلف کرنے اور صفائی ستھرائی کے لیے خصوصی اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔

دارالحکومت اسلام آباد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ادا کیا گیا جہاں صدر مملکت عارف علوی نے بھی نماز ادا کی جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے بنی گالا میں نمازپڑھی۔

لاہور میں نماز عید کا بڑا اجتماع تاریخی بادشاہی مسجد میں ہوا جہاں علامہ عبدالخبیر آزاد کی امامت میں گورنرپنجاب چوہدری سرور اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار سمیت فرزندان اسلام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس کے علاوہ باغ جناح، منصورہ، داتا دربار اور دیگر مقامات بھی نماز عید کے اجتماعات ہوئے جہاں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

مزید پڑھیں: بقرعید پر کلیجی کھانے سے صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟

مسلم لیگ ن کے کارکنان نے کوٹ لکھپت جیل کے قریب نماز عید ادا کرکے اپنے قائد نواز شریف سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

اسیران رہائی کمیٹی و لیگی کارکنوں نے جیل کے قریب نماز عید کا اہتمام کیا اور نماز کے بعد ملک و قوم کی سلامتی، کشمیر کی آزادی اور شریف خاندان کی مشکلات کے خاتمے کے لیے خصوصی دعائیں کیں، نماز میںرکن صوبائی اسمبلی مرزا جاوید اور لیگی کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کراچی میں کمشنر ہاؤس میں عیدالاضحیٰ کی نماز کی ادائیگی کا اہتمام کیا گیا جہاں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ سمیت دیگر نے نماز عید ادا کی۔

خیبرپختونخواہ میں عیدالاضحیٰ کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے اور گورنرشاہ فرمان اور وزیر اعلیٰ محمود خان سمیت دیگروزرا نے نماز عید گورنر ہاؤس میں ہی ادا کی۔

دیگر شہروں کی طرح کوئٹہ میں بھی عیدالاضحیٰ کے چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے اور گورنربلوچستان جسٹس(ر) امان اللہ خان اور وزیر اعلیٰ جام کمال نے نماز عید گورنرہاؤس میں ادا کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں