جذبہ قربانی کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی، صدر، وزیر اعظم

12 اگست 2019
صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان ایثار و قربانی جیسے عظیم جذبے کی اہمیت پر زور دیا— فائل فوٹوز: ڈان
صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان ایثار و قربانی جیسے عظیم جذبے کی اہمیت پر زور دیا— فائل فوٹوز: ڈان

اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ انسانی مقاصد کے حصول کے لئے ایثار و قربانی سے دریغ نہ کرنا ہی اسلامی تعلیمات کا نچوڑ ہے۔

صدر مملکت عارف علوی نے دارالحکومت اسلام آباد کی فیصل مسجد اور وزیر اعظم نے اپنی رہائش گاہ بنی گالا میں عید کی نماز ادا کی۔

مزید پڑھیں: ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے عید الاضحیٰ کے مبارک موقع پر پوری ملت اسلامیہ کو دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کو حضرت ابراہیم ؑ کا قربانی کا عمل اس قدر پسند آیا کہ اس کی یاد منانے کو مسلمانوں کے لیے عبادت کا درجہ دے دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں سبق دیتا ہے کہ اللہ کی رضا اور خوشنودی کے لیے اپنی عزیز ترین اشیاء حتیٰ کہ اولاد کو بھی قربان کرنا پڑے تو گریز نہ کیا جائے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ایثار و قربانی جیسے عظیم جذبے کی اہمیت اجاگر کرنے کی ضرورت تو ہمیشہ رہی ہے لیکن موجودہ دور میں اس کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

صدر مملکت نے مقبوضہ کشمیر بھارتی ریاستی جبر و تشدد کو سہنے والے مظلوم کشمیریوں کی داد رشی کرتے ہوئے انہیں بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمارے دل مقبوضہ کشمیر میں ہمارے بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں جو بھارتی مظالم کا ڈٹ کر سامنا کر رہے ہیں۔ ان کی آزادی کا دن دور نہیں، ہمارے شہدا کو خراج تحسین کہ جنہوں نے ہمارے لیے اپنی جانیں قربان کر دیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے بھی قوم کے نام اپنے خصوصی پیغام میں اس مقدس تہوارپر ہم وطنوں کومبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ یہ دن مسلمانوں کو رضائے الہٰی کے لیے حضرت ابراہیم علیہ السلام اورحضرت اسماعیل علیہ السلام کی بے مثال اطاعت وفرمانبرداری کی یاد دلاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں مشکلات کا نہ تھمنے والا سلسلہ عید کے روز بھی برقرار

انہوں نے کہاکہ دوعظیم شخصیات کی لازوال قربانی کواللہ تعالیٰ نے اس حد تک پسند کیا اور سراہاکہ اسے مسلمانوں کے لیے تاحیات مذہبی فریضہ بنا دیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ قربانی کا جذبہ کسی بھی قوم کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے، قربانی کے جذبے کے بغیر دنیا کی کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی اور میری دعا ہے کہ آپ کی زندگی میں ایسے مواقع بار بار آتے رہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مشکل معاشی دور سے گزر رہا ہے اور قوم کو اقتصادی بحالی کی حکومتی کوششوں میں تعاون کرنا ہو گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں