’کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں‘، سیاسی رہنماؤں کے یوم آزادی پر پیغامات

اپ ڈیٹ 15 اگست 2019
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے بغیر پاکستان کا یوم آزادی نامکمل ہے
— فائل فوٹو: اے ایف پی
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے بغیر پاکستان کا یوم آزادی نامکمل ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی

سیاسی رہنماؤں نے یوم آزادی اور یوم یکجہتی کشمیر کے روز اپنے پیغامات میں کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کیا۔

بھارت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے حالیہ اقدام کے بعد حکومت پاکستان کی جانب سے رواں برس یوم آزادی کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا گیا۔

ملک بھر میں 73واں یوم آزادی جوش و خروش سے منایا جارہا ہے، لوگوں نے اپنے گھروں، دفاتر اور کاروباری مراکز پر پاکستانی پرچم کے ساتھ آزاد جموں و کشمیر کا پرچم بھی سربلند کیا۔

عوام کے علاوہ حکومتی اراکین سمیت قومی اسمبلی کے اپوزیشن رہنماؤں نے بھی پاکستانی اور کشمیری عوام کو جذبہ خیرسگالی کے پیغام دیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے پیغام میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے الفاظ دہرائے۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ہم کشمیری عوام اور حق خودارادیت کے لیے ان کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کے صدر کو خط لکھ کر کونسل کا ہنگامی اجلاس منعقد کروانے کا مطالبہ کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر کو لکھے گئے مراسلے میں مسئلہ کشمیر پر ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا گیا اور پاکستان نے کشمیریوں کے ’ناقابل تنسیخ حقوق‘ کی یادانی کرائی اور عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کے حقوق کا تحفظ کرے‘۔

علاوہ ازیں وزیراعظم کی مشیر برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے بغیر پاکستان کا یوم آزادی نامکمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کھڑی ہے اور بھارت کبھی بھی کشمیر کو اپنا حصہ نہیں بنا سکتا‘۔

پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اسد عمر نے کہا کہ آزادی کی راہ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائےگا

انہوں امید ظاہر کی کہ کشمیری بھی آزادی کی نعمت سے لطف انداوز ہوں گے۔

قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ اس یوم آزادی پر بھی پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کہا کہ بھارت کبھی بھی کشمیریوں کی تحریک کو نہیں دبا سکتا۔

صدر مملکت عارف علوی نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیروں کے ساتھ ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے اپنے پیغام میں کہا کہ پورا ملک کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ان کے حقوق کی جدوجہد میں برابر کے شریک ہیں۔

قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ وقت آگیا کہ کشمیر کا مسئلہ حل ہو۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال مقبوضہ کشمیر کی سڑکیں ویرانی کا منظر پیش کررہی ہیں اور کہتی ہیں ’اب نہیں تو کب؟‘

مسلم لیگ (ن) کے صدر نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیری کی موجودہ صورتحال عالمی برادری کی توجہ چاہتی ہیں اور مزید یہ کہ پاکستانی رہنماؤں کو اچھی ہمدری یاد دلاتی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں