وطن سے محبت کا اظہار تو ہر کوئی کرتا ہے، لیکن ابصار احمد نے ایک منفرد انداز میں جذبہِ حب وطنی کی مثال قائم کرتے ہوئے ملی نغموں کا بڑا ذخیرہ جمع کرلیا۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی کے رہائشی اس نوجوان نے 8 سال کی عمر میں دل دل پاکستان نعمہ پہلی مرتبہ سنا اور ملی نغموں کی سحر میں گرفتار ہوگئے۔

ابصار احمد نے قیامِ پاکستان سے لے کر اب تک کے ساڑھے 4 ہزار ملی نغموں کا ذخیرہ جمع کر رکھا ہے۔

نوجوان کا کہنا ہے کہ ہمارے پڑوسی ملک بھارت کے پاس ایک بڑی میوزک انڈسٹری ہونے کے باوجود بھی 2 ہزار سے ڈھائی ہزار ملی نغمیں ہیں، لیکن ہمارے پاس ساڑھے چار ہزار سے زائد ملی نغمے ہیں اور روزانہ نئے نعمے بھی ریلیز ہوتے رہتے ہیں۔

مزید پڑھیں: ملک بھر میں جشن آزادی کے رنگ

ابصار احمد کا مزید کہنا تھا کہ ان کے پاس وہ ملے نغمے بھی موجود ہیں جو پاکستان بننے سے پہلے ہی تحریک پاکستان کے زمانے میں مسلم اکثریتی علاقوں میں ریڈیو کے ذریعے نشر کیے جاتے تھے اور آج کے دور میں ان کا ملنا بہت مشکل ہے۔

انہوں نے طویل سفر طے کرنے کے بعد اپنی لائبریری کو مکمل کیا، جبکہ ساتھ ہی وہ دلوں کو گرما دینے والے ترانوں کے تخلیق کار بھی ہیں۔

نوجوان کا ماننا ہے کہ ملی نغموں کے بول پاکستان کے لیے محبت کے اظہار کے ساتھ ایک نعرہ بھی ہوتے ہیں۔

ابصار احمد پاک فوج کے تعاون سے اس ملی وحدت کے سرمائے کو محفوظ کرنے میں مصروف ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں