بچوں کو ٹھوس غذائیں کب متعارف کروانی چاہیئں؟

16 اگست 2019
آپ کو بچوں میں پیدا ہونے والی ان 3 تبدیلیوں کے بارے میں جان لینا چاہیے، جنہیں آپ علامات سمجھ بیٹھتے ہیں — شٹر اسٹاک
آپ کو بچوں میں پیدا ہونے والی ان 3 تبدیلیوں کے بارے میں جان لینا چاہیے، جنہیں آپ علامات سمجھ بیٹھتے ہیں — شٹر اسٹاک

جب آپ کا بچہ ٹھوس غذا استعمال کرنا شروع کردے تو یہ یقیناً ایک سنگ میل عبور کرنے کے مترادف ہے اور والدین کی خوشی بھی اپنی جگہ درست ہے۔ لیکن یہاں یہ سوال ضرور اٹھنا چاہیے کہ آخر بچوں کو ٹھوس غذا دینے کا صحیح وقت کون سا ہے؟

بچوں میں کئی ایسی علامات نظر آنا شروع ہوجاتی ہیں جن سے اندازہ ہوجاتا ہے کہ اب انہیں ٹھوس غذا دینے کا وقت آچکا ہے۔ لیکن ہم بچوں میں ہونے والی چند تبدیلیوں کو بھی علامات سمجھ کر بچوں کو وقت سے پہلے ٹھوس غذا دینا شروع کردیتے ہیں۔

چنانچہ اس سے پہلے کہ آپ اپنے بچوں کو ٹھوس غذا دینا شروع کریں، آپ کو بچوں میں پیدا ہونے والی ان 3 تبدیلیوں کے بارے میں جان لینا چاہیے جنہیں آپ علامات سمجھ بیٹھتے ہیں۔

وزن میں اضافہ

آپ نے یہ بات شاید متعدد لوگوں سے سن رکھی ہو کہ اگر بچے کا وزن پیدائشی وزن سے دگنا ہوجائے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ انہیں ٹھوس غذا دینے کا وقت آگیا ہے۔ لیکن ایسا نہیں ہے کیونکہ کئی بچے تو محض 3 سے 4 ماہ کے اندر ہی اپنا وزن دگنا بڑھا لیتے ہیں اور اس عمر میں بچے ٹھوس غذا کے لیے تیار نہیں ہوتے۔ غذا کے استعمال کا وزن میں اضافے سے کوئی تعلق نہیں ہوتا ہے۔ بچوں کو ٹھوس غذا متعارف کروانے کی سب سے بہترین عمر 6 ماہ ہے۔

وزن کا آہستہ آہستہ بڑھنا

بچے کی پیدائش کے بعد ابتدائی مہینوں کے دوران ان کے وزن میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہوتا ہے۔ بعدازاں یہ سلسلہ آہستہ ہوجاتا ہے جس کے باعث والدین کو پریشانی لاحق ہوجاتی ہے اور وہ یہ سوچنے لگتے ہیں کہ اس طرح ان میں غذائی کمی واقع ہوسکتی ہے۔ چنانچہ وہ اپنے ننھے منوں کو وقت سے پہلے ہی ٹھوس غذا دینا شروع کردیتے ہیں۔ 2 سے 3 ماہ کی عمر کے بعد وزن میں سست رفتار اضافہ ایک عام سی بات ہے اور والدین کو اس بارے میں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

دانتوں کا آنا

بعض اوقات والدین کو یہ مشورہ دیا جاتا ہے کہ اگر بچے کے دانت نکلنا شروع ہوجائیں تو اس کا مطلب ہے کہ انہیں ٹھوس غذا دینے کا وقت آچکا ہے۔ تاہم دانتوں کے نکل آنے کا ہرگز مطلب یہ نہیں کہ بچے ٹھوس غذا کے لیے تیار ہیں کیونکہ چند بچوں میں جلد اور چند میں دیر سے دانت نکلنا شروع ہوتے ہیں۔ چنانچہ دانتوں کا نکلنا بھی حقیقی علامت نہیں ہے۔

آپ کا بچہ ٹھوس کھانے کے لیے کب تیار ہوتا ہے؟

  • جب آپ کا بچہ 6 ماہ کا ہوجائے۔
  • جب آپ کا بچہ بغیر کسی سہارے بیٹھ سکتا ہو۔
  • جب زبان کی اضطراری حرکت (tongue-thrust reflex) ختم ہوجائے۔

تبصرے (0) بند ہیں