موٹرولا کا دلچسپ فیچرز سے لیس نیا اسمارٹ فون

16 اگست 2019
موٹرولا ون ایکشن — فوٹو بشکریہ موٹرولا
موٹرولا ون ایکشن — فوٹو بشکریہ موٹرولا

موٹرولا نے اپنا نیا اسمارٹ فون متعارف کرایا ہے جو فوٹوگرافی کے شوقین افراد کے لیے بہترین ہونے کے ساتھ مناسب قیمت میں فلیگ شپ فیچرز فراہم کرتا ہے۔

موٹرولا ون ایکشن نامی اسمارٹ فون کو گوپرو کیمرا سے لیس کیا گیا ہے یعنی چلتے پھرتے یا حرکت کرتی اشیا کی بہترین ویڈیو لینا ممکن ہوسکے گا۔

موٹرولا ون ایکشن میں 6.3 انچ کی الٹرا وائیڈ (21:9) اسکرین دی گئی ہے جبکہ الٹرا وائیڈ ویڈیوز دیکھنے میں مدد دیتی ہے جبکہ فل ایچ ڈی ریزولوشن کے ساتھ اس میں پنچ ہول 12 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ سام سنگ ایکسینوس 9609 اوکٹا کور پراسیسر، 4 جی بی ریم، 128 جی بی اسٹوریج (جس میں ایس ڈی کارڈ سے اضافہ ممکن ہے)، 3500 ایم اے ایچ بیٹری اور اینڈرائیڈ پائی آپریٹنگ سسٹم دیا گیا ہے۔

مگر اس کی خاص بات بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ ہے جس میں سے ایک الٹراوائیڈ 16 میگا پکسل سنسر ہے جو حرکت کرتی اشیا کی اچھی ویڈیوز بنانے میں مدد دیتا ہے۔

اس سنسر میں ایک فیچر کافی دلچسپ ہے جب آپ فون کو ورٹیکل یا عمودی پکڑ کر ویڈیو بناتے ہیں تو وہ ویڈیو ہوریزنٹل شکل میں 117 ڈگری فیلڈ آف ویو میں ریکارڈ ہوتی ہے، اس کے علاوہ کمپنی نے اپنی ویڈیو اسٹیبلائزیشن ٹیکنالوجی بھی دی ہے۔

فوٹو بشکریہ موٹرولا
فوٹو بشکریہ موٹرولا

اس سنسر میں 2.0 مائیکرون کواڈ پکسل ٹیکنالوجی بھی موجود ہے جو کم روشنی میں بھی زیادہ روشن اور بہتر ویڈیوز لینے کے لیے مددگار ہے۔

اس کے علاوہ بیک پر 12 میگا پکسل مین کیمرا اور 5 میگا پکسل ڈیپتھ کیمرا بھی موجود ہے۔

یہ فون 3 رنگوں میں دستیاب ہوگا اور 16 اگست سے برازیل، میکسیکو اور چند یورپی ممالک میں فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے جس کی قیمت 275 ڈالرز (45 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔

یہ دیگر ممالک میں آئندہ چند ہفتوں میں متعارف کرایا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں