آئی فون 11 آئندہ ماہ اس تاریخ کو پیش کیے جانے کا امکان

16 اگست 2019
آئی فون 11 پرو کا کانسیپٹ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ فوربس
آئی فون 11 پرو کا کانسیپٹ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ فوربس

ایپل کا نیا آئی فون 11 (یا جو بھی نام رکھا جائے گا) ستمبر میں کسی وقت متعارف کرائے جانے کا امکان ہے اور اب ایک نئی لیک میں اس کی رونمائی کی تاریخ سامنے آئی ہے۔

ایپل کے نئے آئی او ایس 13 بیٹا ورژن میں ایک ہوم اسکرین امیج چھپی ہے جس میں 10 ستمبر کی تاریخ دکھائی گئی ہے۔

ایسا گزشتہ سال آئی فون ایکس ایس، ایکس ایس میکس اور ایکس آر میں بھی ہوا تھا جب آئی او ایس 12 کے بیٹا ورژن میں 12 ستمبر کی تاریخ چھپی تھی اور یہ فونز اسی تاریخ کو پیش کیے گئے۔

ایپل کی جانب سے عام طور پر آئی فونز منگل یا بدھ کے دن متعارف کرائے جاتے ہیں اور 10 ستمبر کو بھی منگل ہے، یعنی اس روایت کو برقرار رکھا جائے گا۔

اس سال بھی ایپل کی جانب سے گزشتہ برس کی طرح 3 نئے آئی فونز متعارف کرائے جانے کا امکان ہے جن میں سے 2 ماڈلز میں پہلی بار 3 بیک کیمروں کا سیٹ اپ بھی دیا جائے گا۔

مختلف لیکس کے مطابق اس سال 2 آئی فون او ایل ای ڈی اسکرین جبکہ ایک آئی فون ایل سی ڈی ڈسپلے سے لیس ہوگا ، جیسا گزشتہ سال ہوا تھا۔

ایک آئی فون کو ممکنہ طور پر آئی فون 11 پرو یا آئی فون 11 پرو میکس کہا جائے گا۔

ڈیزائن کے لحاظ سے یہ گزشتہ سال کے ماڈلز جیسے ہی ہوں گے اور اس بار اہم ترین اپ گریڈ کیمرا سسٹم میں ہی ہوگی جس میں وائیڈ اینگل سنسر کے ساتھ 120 فریم فی سیکنڈ سلو موشن ویڈیو ریکارڈنگ دیئے جانے کا امکان ہے۔

نئے آئی فونز میں بیک پر کیمرا موڈیول چوکور شکل کا ہوگا جبکہ اے 13 بائیونک پراسیسر پہلے سے زیادہ طاقتور اور مشین لرننگ صلاحیت رکھتا ہوگا۔

اس بار تھری ڈی ٹچ کو ختم کرکے ٹیپٹک انجن دیئے جانے کا بھی امکان ہے تاہم اس سال فائیو جی ماڈل متعارف نہیں ہوگا جو اگلے سال پیش کیا جاسکتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں