حریت رہنما یٰسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل کا اجلاس معجزہ ہے۔

لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشعال ملک کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 370کے خاتمے کے بعد سے مقبوضہ کشمیر کے ہر گھر سے کشمیر کا جھنڈا اتارا جارہا ہے۔

مشعال ملک نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کی صحافی برداری نے ہمیشہ سب سے پہلے دنیا تک مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز پہنچائی ہے لیکن بھارت نے ہماری آواز دبانے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے سیاسی آزادی کو ختم کردیا ہے، حریت قیادت کے بیانات پر پابندی عائد کردی ہے، مقبوضہ کشمیر کے تمام قائدین، صحافی، لکھاری، وکلا کی آواز بند کردی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: ہم کبھی بھی بھارت کا حصہ نہیں تھے، پاکستان ہماری آواز ہے، مشعال ملک

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ پورے پاکستان میں کشمیری جھنڈا لگا کر دنیا کو پیغام دیا جائے کہ پاکستان کا بچہ، بچہ کشمیریوں کی آواز ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 1965 میں سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد آج مسئلہ کشمیر پر اجلاس ہورہا ہے، یہ ایک معجزہ ہے کہ اس مسئلے پر بحث کا آغاز ہورہا ہے جسے ایک عرصے سے پروپیگینڈا کرکے بھارت نے دفنایا تھا۔

مشعال ملک نے کہا کہ آج بھر اقوام متحدہ جاگی ہے اور اس معاملے میں پاکستان نے ہمارا بھرپور ساتھ دیا ہے جبکہ چین، روس، برطانیہ، فرانس، امریکا سمیت بہت سے ممالک کے میڈیا میں مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کو کوریج مل رہی ہے۔

دوران گفتگو انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا ہوگئی ہے، آج 13 دن ہوگئے بھوک اور پیاس سے لوگوں کو چھلنی کیا جارہا ہے، ہماری تمام قیادت کو قید کردیا گیا ہے اور گھر سے باہر نکلنے پر قتل کرنے کے احکامات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کو قبرستان بنانا چاہتا ہے اور اس قبرستان پر مودی پورے بھارت کو بلارہا ہے کہ جاؤ قبضہ کرلو، کچھ بھی کرلو، گھر بھی لوٹ لو، ان کی نسلیں ختم کردو، کیا کرلیں گے کشمیری عوام نہتے ہیں۔

یٰسین ملک کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ بھارت کی پوری دنیا میں مہم ہے، جس کے ذریعے وہ پروپیگینڈا کرتا ہے مگر اس کے منہ پر زور دار تھپڑ پڑا ہے کہ دنیا کے صحافیوں کا ضمیر جاگ گیا ہے اور وہ بھارت کے گھناؤنے چہرے کو بے نقاب کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی، صدارتی فرمان جاری

اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ میں امید کرتی ہوں کہ دنیا ہوش کے ناخن لے گی جبکہ اس مسئلے پر سلامتی کونسل کا فوری فیصلہ آنا چاہیے کیونکہ اقوام متحدہ کے چارٹر، آرٹیکل 35 کے مطابق کوئی بھی رکن ملک سلامتی کونسل میں ایسا کوئی بھی مسئلے کا مقدمہ لے جاسکتا ہے جس سے امن خطرے میں ہو اور اس وقت دنیا میں کشمیر سے بڑا کوئی مسئلہ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مودی سرکار پر جنگی جنون سوار ہے، وہ کشمیریوں کے خون کی پیاسی ہوچکی ہے اور اکھنڈ بھارت کے منصوبے کے تحت خطے میں آگ لگانا چاہتی ہے۔

مشعال ملک نے کہا کہ سلامتی کونسل میں معاملہ گیا ہے تو اب مزید راستے نکلیں گے، 54سال بعد ہمارا مسئلہ ایک دفعہ پھر اس جگہ پہنچا ہے۔

حریت رہنما کی اہلیہ کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی سپریم کورٹ اس وقت حکومت کی انتہا پسندی کی وجہ سے خوفزدہ ہے، بھارت بہت مارکیٹنگ کررہا ہے کہ یہ بند کمرہ اجلاس ہے، اس کے کوئی نتائج نہیں نکلیں گے لیکن اجلاس بلایا جانا کشمیر اور پاکستان کی فتح ہے اور اس معاملے میں چین نے بھی بھرپور کردار ادا کیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں