پہلا ٹیسٹ: نیوزی لینڈ کی سری لنکا کے خلاف 177 رنز کی برتری

17 اگست 2019
ٹم ساؤدھی 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے—فوٹو:اے پی
ٹم ساؤدھی 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے—فوٹو:اے پی

نیوزی لینڈ نے بی جے واٹلنگ کی ذمہ دارانہ اننگز کی بدولت سری لنکا کے خلاف سیریز کے پہلے میچ کی دوسری اننگز میں7 وکٹوں پر 195 رنز بنا کر 177 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

گال میں کھیلے جارہے دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز جب کھیل کا آغاز ہوا تو سری لنکا کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 7 وکٹوں پر 227 رنز بنائے تھے تاہم پٹیل کی اچھی باؤلنگ کے سامنے پوری ٹیم 267 رنز بنا کر آوٹ ہوئی۔

سری لنکا کی جانب نیشان ڈیکویلا 61 رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہے جبکہ لکمل نے 40 رنز بنا کر پہلی اننگز میں اپنی ٹیم کو اچھی پوزیشن دلانے کی بھرپور کوشش کی۔

مینڈس اور میتھیوز نے گزشتہ روز بالترتیب 53 اور 50 رنز بنائے تھے لیکن پٹیل نے دونوں کی اننگز کا خاتمہ کردیا تھا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے پٹیل نے سب سے زیادہ 5 وکٹیں حاصل کیں، سمرویل نے 3 اور ٹرینٹ بولٹ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پہلی اننگز میں 18 رنز کے خسارے کے بعد نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز کا آغاز بھی اچھا نہیں کیا اور پہلی وکٹ محض 8 رنز پر گری جبکہ دوسری وکٹ 20 اور تیسری وکٹ 25 کے مجموعے پر گری جب روس ٹیلر صرف 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بی جے واٹلنگ نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دن کے اختتام تک اچھی بیٹنگ کی اور آؤٹ ہوئے بغیر 63 رنز بنائے لیکن دوسری طرف سے کوئی بلے باز ان کا بھرپور ساتھ نہ دے سکا۔

ٹم ساؤدھی نے 23 رنز بنائے اور مچل سینٹنر 12 رنز بنا کر ایمبولدینیا کی گیند پر لکمل کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔

نیوزی لینڈ نے تیسرے روز کے کھیل کے اختتام پر 7 وکٹیں کھو کر 195 رنز بنائے تھے اور مجموعی طور پر 177 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں