’بحران میں کشمیریوں کو مہروں کی طرح استعمال نہ کیا جائے‘

17 اگست 2019
بھارتی حکومت کے اقدامات نے عام عوام کی زندگیاں مشکل میں ڈال دی ہیں—تصویر: ایمنسٹی ویب سائٹ
بھارتی حکومت کے اقدامات نے عام عوام کی زندگیاں مشکل میں ڈال دی ہیں—تصویر: ایمنسٹی ویب سائٹ

کراچی: انسانی حقوق کی نگرانی کرنے والی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ایک مرتبہ پھر بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین اور معیارات کے مطابق سلوک کیا جائے۔

جس میں سیاسی مخالفین کی گرفتاریاں، آزادی سے رہنے اور آزادانہ نقل و حمل کا حق بھی شامل ہے۔

اپنے بیان میں عالمی تنظیم کے سیکریٹری جنرل کومی نائیڈو نے کہا کہ کئی عشروں میں پہلی مرتبہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے مسئلہ کشمیر پر بات کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر: 14 افراد کے قتل پر ایمنسٹی انٹرنیشنل کا تحقیقات کا مطالبہ

ان کا مزید کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کے اراکین کو یہ یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ ان کے پاس بین الاقوامی امن اور سلامتی کو محفوظ رکھنے کی ذمہ داری ہے۔

اس کے ساتھ ان ممالک کو یہ صورتحال اس طریقے سے حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے کہ مشکلات کا شکار خطے کے عوام کے انسانی حقوق کو مرکزی حیثیت حاصل رہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’بھارتی حکومت کے اقدامات نے عام عوام کی زندگیاں مشکل میں ڈال دی ہیں اور سالوں سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں سہنے والوں کو مزید غیر ضروری تکلیف اور پریشانی کا سامنا ہے‘۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر سے متعلق یکطرفہ فیصلہ کشیدگی کو بڑھا سکتا ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی بحران میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کو مہروں کی طرح استعمال نہیں کیا جانا چاہیے اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ انسانی حقوق کے احترام کے لیے سب کو اکٹھا ہونا چاہیے۔


یہ خبر 17 اگست 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں