محب وطن ہوں اس لیے کشمیر مسئلے پر ابھی بات نہیں کرسکتی، سونم کپور

مقبوضہ کشمیر کو پر امن رکھا جا سکتا ہے، اداکارہ—اسکرین شاٹ/ بی بی سی ایشین نیٹ ورک
مقبوضہ کشمیر کو پر امن رکھا جا سکتا ہے، اداکارہ—اسکرین شاٹ/ بی بی سی ایشین نیٹ ورک

بھارت کی جانب سے رواں ماہ 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت دیے جانے والے آئین کے آرٹیکل 370 کو ختم کیے جانے پر کئی شخصیات اس مسئلے پر بات کر چکی ہیں۔

بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے پر جہاں پاکستانی شخصیات نے بھارتی اقدام کی مذمت کی، وہیں خود متعدد بھارتی شوبز اور سیاسی شخصیات نے بھی آرٹیکل 370 کو ختم کرنے پا اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

جہاں انوپم کھیر اور پریانکا چوپڑا جیسی شخصیات بھارت کے انسانی حقوق کے اقدام کے باوجود ملک کی تعریف کرتی دکھائی دیں، وہیں دیا مرزا اور زائرہ وسیم جیسی مسلمان اداکارائیں مقبوضہ کشمیر کے مسئلے پر بھارت کو آڑے ہاتھوں لیتی دکھائی دیں۔

اور اب اداکارہ سونم کپور نے بھی آرٹیکل 370 ختم کیے جانے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وہاں کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی ایشین نیٹ ورک‘ سے بات کرتے ہوئے سونم کپور نے اعتراف کیا کہ وہ بہت ہی زیادہ محب وطن ہیں، اس لیے اس موقع پر ان کا خاموش رہنا ہی بہتر ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال افسوس ناک ہے اور انہیں بھی یہ سب دیکھ اور سن کر تکلیف ہو رہی ہے۔

سونم کپور کے مطابق انہیں ابھی کشمیر مسئلے پر مکمل درست معلومات نہیں، اس لیے بہتر یہی ہوگا کہ وہ درست معلومات موصول ہونے اور معاملے کو مکمل طور پر سمجھ لینے تک خاموش رہیں تو بہتر ہے۔

بولی وڈ اداکارہ نے بتایا کہ جیسے ہی انہیں کشمیر مسئلے پر درست معلومات موصول ہوگی اور وہ معاملے کو سمجھ جائیں گی تو اس پر ضرور اپنی رائے دیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر پر بات کرنے کے بعد ہما قریشی کو بھائی سمیت پاکستان جانے کا مشورہ

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ کشمیر سے تشویش ناک خبریں سامنے آ رہی ہیں اور انہیں یہ سب سن کر دکھ ہو رہا ہے۔

اداکارہ کے مطابق ان کے والدین نے مقبوضہ کشمیر دیکھنے کے بعد ہی ان کا نام ’سونم‘ رکھا تھا۔

سونم کپور کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر بہت ہی اچھی جگہ ہے اور ایسی جگہ کو پر امن رکھا جا سکتا ہے۔

اداکارہ کا خیال تھا کہ کشمیر میں امن برقرار رکھا جا سکتا ہے، تاہم انہیں یہ علم نہیں کہ وہاں کیسے امن برقرار رکھا جا سکتا ہے، لیکن یہ سب ناممکن نہیں۔

انٹرویو میں انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کے سب سے 2 بہترین دوست مسلمان ہیں اور ایک کا تعلق پاکستان سے ہے۔

سونم کپور کے مطابق چوں کہ ان کے خاندان کے شجر کا تعلق پاکستان کے صوبہ سندھ اور خیبرپختونخوا سے ہے تو انہیں ایک طرح سے یہ دیکھ کر تکلیف ہوتی ہے کہ 70 سال قبل ایک ہی رہنے والا ملک آج تقسیم ہو چکا ہے۔

کشمیر مسئلے پر درست معلومات ملنے کے بعد رائے دوں گی، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام
کشمیر مسئلے پر درست معلومات ملنے کے بعد رائے دوں گی، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں