پی ٹی آئی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے اپوزیشن کونشانہ بنارہی ہے، مراد علی شاہ

اپ ڈیٹ 18 اگست 2019
وزیر اعلیٰ سندھ نے وفاقی حکومت کے اقدامات پر تنقید کی—فائل فوٹو: ڈان نیوز
وزیر اعلیٰ سندھ نے وفاقی حکومت کے اقدامات پر تنقید کی—فائل فوٹو: ڈان نیوز

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت اندرونی اور بیرونی مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے حزب اختلاف کو سیاسی طور پر نشانہ بناتے ہوئے اپوزیشن قیادت کو گرفتار کر رہی ہے۔

سندھ کے علاقے تھانو احمد خان میں پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے رہنما ملک اسد سکندر کی والدہ کے سوئم میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ‘مخالفین کو نشانہ بنانے کی پی ٹی آئی کی یہ پالیسی قومی اتحاد کو پارہ پارہ کرنے اور سیاسی طور پر عدم استحکام پیدا کرنے کا باعث بن رہی ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت خطرناک مرحلے سے گزر رہا ہے جبکہ اشیا کی قیمتوں میں اضافہ اور مسئلہ کشمیر دو ایسے مسائل ہیں، جو ہر نئے دن کے ساتھ پیچیدہ ہوتے جارہے ہیں۔

مزید پڑھیں:جعلی اکاؤنٹس کیس: آصف زرداری 19 اگست تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

مراد علی شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت معاملات کو سنبھالنے کی صلاحیت نہیں رکھتی، اس لیے سیاسی طور پر نشانہ بنانے کی پالیسی اپنائی ہوئی ہے لیکن یہ کب تک چلے گا۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری گرفتاری سے قبل قومی احتساب بیورو (نیب) کے ساتھ مکمل تعاون کررہے تھے اور مقدمات کا سامنا کرنے کے لیے عدالتوں میں پیش ہورہے تھے، لہٰذا اس طرح کی صورت حال میں ان کی گرفتاری کی کوئی وجہ نہیں بنتی تھی۔

آصف زرداری کی گرفتاری پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ان سے خوفزدہ تھی، اس لیے انہیں سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا۔

وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی جانب سے اپوزیشن کے 500 سے زائد رہنماوں کی گرفتاری کے حوالے سے دیے گئے بیان پر وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ میڈیا اس طرح کی باتوں کو سنجیدہ نہ لے، میں انہیں مستقبل قریب میں کہیں نہیں دیکھ رہا، اس لیے انہیں اپنا غصہ نکالنے دیں۔

یہ بھی پڑھیں:فریال تالپور رات گئے ہسپتال سے اڈیالہ جیل منتقل

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ عوام کی توجہ حاصل کرنے کے لیے پی ٹی آئی کے وزرا کی غیر ذمہ دارانہ اور بے بنیاد بیانات دینے کی عادت بن گئی ہے لیکن عوام انہیں اچھی طرح جانتے ہیں۔

پارٹی کے صوبائی اراکین کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے تمام اراکین اسمبلی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں متحد اور پارٹی کے ساتھ وفادار ہیں، اس لیے کوئی ان کی وفاداری کو تبدیل نہیں کرسکتا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ کابینہ اراکین صوبے کے عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے سخت محنت کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ کراچی سمیت سندھ میں ہونے والی حالیہ بارش کے بعد نقصانات اور ناقص انتظامات پر پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا جبکہ صوبائی کابینہ میں تبدیلیاں بھی کی گئی تھیں۔

کراچی میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات میں 20 سے زائد شہری جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں