جسمانی وزن میں کمی ایسی جنگ ہے جو آج کل بیشتر افراد لڑ رہے ہیں ، اس مقصد کے لیے وہ سب کچھ کرتے ہیں مگر ناکام رہتے ہیں۔

مگر کیا آپ نے پیٹ کے ارگرد اضافی چربی کو جلد گھلانے کے لیے جو کے پانی کے استعمال کے بارے میں سوچا؟ اگر نہیں تو آزما کر ضرور دیکھیں۔

جو کے دانے فائبر سے بھرپور ہوتے ہیں جس کی روٹی بھی بنائی جاتی ہے جبکہ دلیہ بھی تیار کیا جاسکتا ہے۔

جسمانی وزن میں کمی کے ساتھ ساتھ یہ جسمانی صحت کے لیے بھی فائدہ مند ہوتے ہیں۔

جو کا پانی جسم میں کولیسٹرول لیول کو کم کرتا ہے جس کی وجہ اس میں موجود ایک جز بیٹا گلیوکین ہے۔

جسمانی وزن میں کمی کے لیے مددگار کیوں؟

جو کا پانی ایک کپ جو کے دانوں سے تیار کیا جاتا ہے جس میں چکنائی نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے جبکہ اس میں موجود پروٹین بھی ہوتا ہے جو جسمانی وزن میں کمی میں مدد دیتا ہے۔

جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ جو میں فائبر کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے تو اس سے تیار کردہ پانی پینے سے پیٹ دیر تک بھرا رہتا ہے اور بے وقت منہ چلانے کی عادت سے بچنا آسان ہوجاتا ہے، جس سے بھی جسمانی وزن کو کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے۔

اس سے ہٹ کر فائبر سے بھرپور ہونے کی وجہ سے یہ مشروب آنتوں کے افعال کو درست کرتا ہے جس سے نظام ہاضمہ کی صفائی ہوتی ہے اور میٹابولزم کی رفتار بڑھتی ہے۔

جو کا پانی تیار کرنے کا طریقہ

اس کو بنانے کے لیے آپ کو ایک کپ جو، 5 کپ پانی، ایک لیموں کا عرق، ایک کھانے کا چمچ شہد، ایک دارچینی اور کچھ مقدار میں ادرک درکار ہوتی ہے۔

پانی کو جو کے دانوں، دارچینی اور ادرک کے ساتھ ابال لیں اور اس وقت تک ابالیں جب تک ایک تہائی پانی باقی نہیں رہ جاتا۔۔

اس کے بعد اس مشروب کو ٹھنڈا ہونے دیں اور پھر اس میں لیموں کے عرق اور شہد کا اضافہ ذائقہ بڑھانے کے لیے کردیں، پھر اس کو پی لیں۔

اس مشروب کے روزانہ 3 گلاس پینا چربی گھلانے کا عمل تیز کردے گا، گردوں کی صفائی کے ساتھ افعال کو بہتر کرے گا جبکہ جسم کو ٹھنڈک بھی فراہم کرے گا۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں