بغداد میں ڈانس پارٹیز کی واپسی

اپ ڈیٹ 19 اگست 2019
اسپورٹس اسٹیڈیم میں منعقدہ تقریب میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی — فوٹو:رائٹرز
اسپورٹس اسٹیڈیم میں منعقدہ تقریب میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی — فوٹو:رائٹرز

بغداد: چمڑے کے جیکٹ اور ٹیٹو سے بھرے ہاتھوں میں گلو اسٹکس پکڑے عراقی بائیکر گینگز کے اراکین اپنی حدود سے باہر نکل کر بریک ڈانس کرنے لگے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق بغداد میں قائم اسپورٹس اسٹیڈیم میں منعقدہ رائٹ گیئر سمر رش ایونٹ، کار شو اور کانسرٹ میں عراق کے متعدد بائیکر گروہوں نے شرکت کی۔

لوگ الیکٹرانک میوزک پر جھومتے رہے — فوٹو: رائٹرز
لوگ الیکٹرانک میوزک پر جھومتے رہے — فوٹو: رائٹرز

جمعے کے روز تشدد اور جنگ کا سامنا کرنے والے شہر میں دیکھے گئے مناظر عمومی طور پر سامنے آنے والی تصاویر سے الگ تھے۔

عراق کی جانب سے داعش پر فتح حاصل کرنے کے 2 سال بعد دارالحکومت اپنا تاثر بہتر کرنے میں مصروف ہے۔

عراق داعش پر فتح حاصل کرنے کے 2 سال عالمی سطح پر اپنی تصویر بہتر کرنے میں مصروف ہے — فوٹو رائٹرز
عراق داعش پر فتح حاصل کرنے کے 2 سال عالمی سطح پر اپنی تصویر بہتر کرنے میں مصروف ہے — فوٹو رائٹرز

امریکی قیادت میں 2003 میں صدام حسین کی حکومت کے خاتمے اور کئی سال تک ہونے والے بم دھماکوں میں کمی کے بعد سے بغداد میں نئی زندگی ابھرنے لگی ہے۔

رائٹ گیئر ایونٹس کمپنی کے بانی، 30 سالہ فلم ڈائریکٹر ارشد ہیبت کا کہنا تھا کہ 'ہم نے یہ پارٹی اس لیے منعقد کی تاکہ لوگوں کو پتہ لگ سکے کہ عراق میں ایسے لوگ بھی ہیں جو زندگی اور موسیقی سے محبت کرتے ہیں'۔

اس کمپنی کی جانب سے ماضی میں بھی پارٹیز منعقد کی جاچکی ہیں تاہم یہ پارٹی پہلی مرتبہ عام عوام کے لیے کھولی گئی تھی۔

دن کا آغاز در آمدشدہ مہنگی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی نمائش سے ہوا اور رات ڈھلتے ہی یہاں الیکٹرانک ڈانس میوزک (ای ڈی ایم) کا شو دیکھا گیا۔

کار شو میں متعدد مہنگی گاڑیوں اور موٹرسائیکل کی نمائش کی گئی — فوٹو: رائٹرز
کار شو میں متعدد مہنگی گاڑیوں اور موٹرسائیکل کی نمائش کی گئی — فوٹو: رائٹرز

تقریب میں متعدد ای ڈی ایم اور ٹریپ میوزک چلایا گیا جس پر نوجوان جھومتے رہے۔

21 سالہ مصطفیٰ اوسامہ کا کہنا تھا کہ 'ہم نے اس طرح کے کنسرٹ صرف ٹی وی اور فلموں میں دیکھے ہیں، عراق میں پہلی مرتبہ اس طرح کی چیز دیکھی اور میں اپنے جذبات بیان نہیں کرسکتا'۔

تبصرے (0) بند ہیں